ڈیرہ اسماعیل خان (رپورٹ: گوہر غنچہ) وفاق کے زیر انتظام محکمہ جات سے متعلق عوامی مسائل کو فوری اور سہل طریقے سے حل کرنے کے لئے ادارہ وفاقی محتسب گراں قدر خدمات انجام دے رہا ہے۔ متعلقہ محکمہ جات سے متعلق عوامی مسائل اور شکایات کو دور کرنے کے لئے ادارہ وفاقی محتسب نے اب عوام کو ان کی دہلیز پر خدمات فراہم کرنے کا بیڑہ اٹھایا ہے جس کے تحت ادارہ وفاقی محتسب کے افسران متعینہ حدود کے اندر مختلف اضلاع اور علاقہ جات کا دورہ کرتے ہوئے عوامی مسائل اور شکایات سنیں گے اور ان کے حل کے لئے مروجہ طریقہ اختیار کے تحت احکامات جاری کریں گے۔ اس سلسلے کا پہلا دورہ گزشتہ روز ادارہ وفاقی محتسب ڈیرہ اسماعیل خان کے تفتیشی افسر عمران خان کی جانب سے ضلع ٹانک کا دورہ کیا گیا جہاں انہوں نے موجود تیس سے زائد افراد کی شکایات سنیں اور موقع پر ان شکایات کو حل کرنے کے احکامات جاری کئے۔ شکایت کنندگان نے اس موقع پر بتایا کہ وفاقی محتسب کے افسران کی آمد سے ان کے کئی ایسے مسائل فوری طور پر حل ہوتے دکھائی دے رہے ہیں کہ جن کے لئے وہ درجنوں بار متعلقہ محکمہ جات کے چکر کاٹتے رہے ہیں لیکن ان مسائل کے حل کی کوئی سبیل دکھائی نہیں دے رہی تھی۔ عوام نے امید ظاہر کی کہ مزکورہ ادارہ اور اسکے افسران اس طرح کے دوروں کا سلسلہ جاری رکھیں گے اور اسی طرح عوامی شکایات کا حل عوام کو انکی دہلیز پر فراہم کرتے رہیں گے۔
![]()