چترال (رپورٹ: گل حماد فاروقی) دیر کوہستان سے تعلق رکھنے والا، پسند کی شادی کرنے والا جوڑا قتل۔ لڑکے کی لاش کل گرم چشمہ روڈ پر شالی کے قریب سڑک کے کنارے پائی گئی جبکہ لڑکی کی لاش آج شالی کے قریب برآمد ہوئی۔ تفصیلات کے مطابق دیر کوہستان سے تعلق رکھنے والی لڑکی تسلیمہ بی بی سے چترال کے گرم چشمہ ایژ گاؤں کے رہائشی وقار احمد نے پسند کی شادی کرکے بھگاکر لایا تھا۔ مگر وقار احمد کو کیا معلوم کہ اس کی یہ حرکت اس کی موت کا سبب بنے گی۔ تسلیمہ بی بی گزشتہ روز زچگی کی عرض سے ہسپتال آرہی تھی جس کے ساتھ دیر کوہستان سے تعلق رکھنے والا ایک خاندان جو یہاں آباد ہوا تھا اور اس کے گھر والوں کے ساتھ تعلقات استوار کئے تھے وہ بھی گاڑی میں بیٹھ گئے۔ اس کے بعد وقار احمد کی لاش گرم چشمہ روڈ پر سڑک کے کنارے پائی گئی جبکہ اس کی بیوی تسلیمہ اور اس کے ساتھ گاڑی میں بیٹھنے والے فیملی بھی غائب تھی۔ بدھ کے روز شام کے قریب چترال پولیس کو اطلاع ملی کہ شالی میں سڑک کے کنارے ایک لاش پڑی ہے جس پر پولیس کی ایمبولنس نے جاکر اسے اٹھایا اور پوسٹ مارٹم کیلئے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹرز ہسپتال چترال لائی گئی۔ پولیس کے مطابق مرنے والی لڑکی کی شناحت تسلیمہ بی بی کے نام سے ہوئی جسے نامعلوم افراد نے پسند کی شادی اور چترالی لڑکے سے بھاگ کر نکلنے کی پاداش میں قتل کرکے اس کی لاش دریا کے کنارے پھینکی تھی۔
![]()