شاہ عالم / ملائیشیا (بیورو رپورٹ نوپ نیوز) سیلنگور کمرشل کرائم انویسٹی گیشن ڈیپارٹمنٹ کے سربراہ اے سی پی فضل السیوم عبد الماجد نے پریس کانفرنس کرتے ہوۓ بتایا کہ کالانگ اور شاہ عالم میں کل اور منگل کو ہونے والے 11 چھاپوں میں 17 افراد کو گرفتار کیا گیا ہے جو غیر قانونی طور پر ملائیشیا میں مقیم تھے، ان چھاپوں کے دوران ایک جگہ پر چھاپہ مارا گیا جہاں پر غیر ملکیوں کے لئے جعلی ورک پرمٹ تیار کرنے والے ایک گروہ کو بھی حراست میں لیا گیا ہے یہ منظم گروہ جو پچھلے ایک سال سے سرگرم تھا جن کے پاس دو مقامی ملازم اور ایک پاکستانی شہری شامل بھی شامل ہے جس کا پاسپورٹ اس کا اپنا نہیں تھا، جبکہ مقامی خاتون اور آٹھ افراد وہاں پر بھاگ ڈور (آؤٹ ڈور) کا کام کر رہے تھے۔ اس جعل ساز گروپ کے کام کا طریقہ کار انڈین، بنگلہ دیشی اور پاکستانی جو غیر قانونی طور پر ملائیشیا میں مقیم ہیں ان کو جعلی ورک پرمٹ بناکر دینے کے بعد ان افراد کو مختلف تعمیراتی اور دیگر پروجکٹوں میں ملازمت دلوانا تھا۔ یہ جعل ساز گروہ فی کس 400 رنگٹ میں جعلی ورک پرمٹ بناکر دیتا تھا۔ چھاپوں کے دوران ضبط شدہ اشیا میں دو لیپ ٹاپ، ایک پرنٹنگ مشین اور دو پرنٹر، جعلی اجازت نامے شامل ہیں، چھ آئی کیڈ (غیر ملکیوں کو جاری کردہ ذاتی شناختی دستاویز) بھی جعلی ہونے کا شبہ ہے۔ 17 گرفتار افراد میں سے ایک پاکستانی نژاد مقامی شہری، ایک مقامی خاتون، سات پاکستانی شہری اور آٹھ بنگلہ دیشی شہری شامل ہیں، جن کی عمریں 19 سے 40 سال کے درمیان ہیں۔ گرفتار 17 افراد میں سے 8 افراد کا پولیس نے ریمانڈ حاصل کرلیا ہے جبکہ باقی افراد کے لئے ریمانڈ کی درخواست کل عدالت کو دی جائے گی۔
![]()