لاہور (سپورٹس ڈیسک) پی سی بی بلاسٹرز نے قومی ٹرائنگولر ایک روزہ خواتین چیمپئن شپ کے فائنل میچ میں پی سی بی چیلنجرز کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد 6 رنز سے شکست دے دی۔ لاہور جمخانہ کلب گراؤنڈ میں کھیلے جانے والے میچ میں پی سی بی بلاسٹرز کی جانب سے 216 رنز کے جواب میں پی سی بی چیلنجرز مقررہ 50 اوورز میں 210 رنز ہی بناسکی۔ میچ میں ناقابل شکست 102 رنز بنانے پر سدرہ امین کو فائنل کی بہترین کھلاڑی قراردیا گیا اس سے قبل پی سی بی چیلنجرز کی کپتان بسمعہ معروف نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا تو پی سی بی بلاسٹرز کی جانب سے اننگز کا آغاز متاثر کن نہ رہا۔ 3 کے مجموعی اسکور پر اوپنر عائشہ ظفر نے سعدیہ اقبال کی گیند پر وکٹ کھودی۔ بلاسٹرز کی دوسری وکٹ 38 کے مجموعی اسکور پر گری جب عمیمہ سہیل فاطمہ ثناء کی گیند پر ایل بی ڈبلیو آؤٹ ہوگئیں۔ جس کے بعد اوپنر سدرہ امین اور کائنات حفیظ کے درمیان 65 رنز کی شراکت قائم ہوئی۔ کائنات حفیظ 26 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئیں۔ آل راؤنڈر عالیہ ریاض نے جارحانہ کھیل کا مظاہرہ کیا اور سدرہ امین کے ہمراہ ٹیم کے اسکور کارڈ کو تیزی سے چلانا شروع کردیا۔ دونوں کے درمیان 100 رنز کی شراکت قائم ہوئی۔ عالیہ ریاض نے 47 گیندوں پر 42 رنز بنائے۔ ان کی اننگز میں 3 چھکے اور 1 چوکا شامل تھا۔ دوسرے اینڈ سے سدرہ امین کی مزاحمت جاری رہی۔ انہوں نے 102 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔ ان کی اننگز میں 11 چوکے شامل تھے۔ پی سی بی بلاسٹرز نے مقررہ 50 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 216 رنز بنائے۔ پی سی بی چیلنجرز کی جانب سے سعدیہ اقبال، فاطمہ ثناء، سیدہ عروب شاہ اور صباء نذیر نے 1،1 کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔ مطلوبہ ہدف کے تعاقب میں پی سی بی چیلنجرز نے مقررہ 50 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 210 رنز ہی بناسکی۔ 217 رنز کے تعاقب میں پی سی بی چیلنجرز کی جانب سے خدیجہ چشتی اور جویریہ رؤف نے اننگز کا آغاز کیا۔ 22 کے مجموعی اسکور پر خدیجہ چشتی آؤٹ ہوکر پویلین واپس لوٹ گئیں جس کے بعد کپتان بسمعہ معروف اور جویریہ رؤف کے درمیان 82 رنز کی شراکت نے پی سی بی چیلنجرز کی میچ میں پوزیشن مستحکم کردی۔ جویریہ رؤف 51 اور بسمعہ معروف 44 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئیں۔ 2 تجربہ کار کھلاڑیوں کے آؤٹ ہونے کے بعد پی سی بی چیلنجرز ایک بار پھر مشکلات کا شکار ہوگئی اور وقفے وقفے سے وکٹیں گرنے لگیں۔ سدرہ نواز 16، ارم جاوید 13، ڈیانا بیگ 15 اور فاطمہ ثناء بغیر کوئی رنز بنائے پویلین واپس لوٹ گئیں تاہم مڈل آرڈر بیٹر نتالیہ پرویز نے دوسرے اینڈ سے مزاحمت جاری رکھی۔ پی سی بی چیلنجرز کو آخری اوور میں جیت کے لیے 14 رنز درکار تھے۔ باؤلر عالیہ ریاض کا سامنا کرنے کے لیے نتالیہ پرویز اور صباء نذیر کریز پر موجود تھیں تاہم وہ آخری 6 گیندوں پر محض 7 رنز ہی اسکور کرسکیں۔ پی سی بی بلاسٹرز کی جانب سے الماس اکرم اور طوبہٰ حسن نے 2،2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا میچ میں شاندارسنچری اسکور کرنے پر سدرہ امین کو پلیئر آف دی میچ کا انعام دیا گیا پی سی بی چیلنجرز کی لیگ اسپنر سیدہ عروب شاہ کو5 میچز میں 14 وکٹیں حاصل کرنے پر پلیئر آف دی ٹورنامنٹ کا انعام دیا گیا۔ ایونٹ کی فاتح ٹیم کو پانچ جبکہ رنرزاپ کو ڈھائی لاکھ روپے کی انعامی رقم دی گئی۔
![]()