اسلام آباد (بیورو رپورٹ) اسلام آباد کے سیکٹر جی نائن تھری میں گھر میں دھماکے کے نتیجے میں سات افراد زخمی ہوئے، زخمیوں میں دو مرد، تین خواتین اور دو بچیاں شامل ہیں، جن کی شناخت ریحان چشتی، روہا چشتی اور ایشال چشتی کے نام سے ہوئی۔ اہل محلہ نے فوری طور پر زخمیوں کو پمز اسپتال کے برن سینٹر اسپتال منتقل کیا، جہاں انہیں طبی امداد دی جارہی ہے، اسپتال انتظامیہ کے مطابق ریحان چشتی اور روہا چشتی 80 فیصد جھلس گئے جبکہ اہلیہ ریحان چشتی اور بیٹی ایشال چشتی بھی 40 سے 50 فیصد جھلسے، زخمیوں میں ڈاکٹر اسما بھی شامل ہیں۔ پولیس کا کہنا ہے کہ دھماکے کی وجہ بظاہر گیس پائپ لائن کی لیکیج ہے، جبکہ بم ڈسپوزل اسکواڈ نے بھی جائے حادثے پر پہنچ کر گھر کی سرچنگ کے بعد اسے کلیئر قرار دے دیا ہے۔ بم ڈسپوزل حکام کے مطابق مکان میں بارود کے شواہد نہیں ملے۔ وفاقی دارالحکومت پولیس کے مطابق دھماکے کے باعث گھر کو شدید نقصان پہنچا جبکہ ملحقہ گھر بھی متاثر ہوئے، پولیس نے واقعے کی تحقیقات کا آغاز کردیا ہے۔
![]()