راجن پور (رپورٹ: انعام باری) پولیس کی دبنگ کاروائی، بدنام زمانہ ایرانی تیل اسمگلر گرفتار، 5 ہزار لیٹر تیل اور ٹینکی برآمد، 2 ساتھی فرار، سرغنہ ناصرشاہ سمیت 2 ساتھی گرفتار، محمد پور پولیس نے ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرلیا۔ تفصیل کے مطابق پولیس اسٹیشن محمد پور دیوان کے انچارج ایس ایچ او عبدالشکور قیصرانی نے پولیس پارٹی سب انسپکٹر راؤ ساجد فرید، سید جوہرعباس شاہ، رانا شاہد اور دیگرکے ہمراہ محمد پور دیوان کے نزدیک بستی لاشاری میں بدنام زمانہ آئل مافیا کے سرغنہ ناصر شاہ کے گودام پر چھاپہ مارا تو ملزمان ایک آئل ٹینکی نمبرایم این کے 2417 سے آئل نکال رہے تھے۔ تاہم پولیس کو دیکھ کر ناصر شاہ کے 2 ساتھی محمد نواز اور منیراحمد ماچھی فرار ہوگئے۔ جبکہ پولیس نے موقع سے سرغنہ ناصر شاہ سمیت 3 افراد عبدالقدیر اور سجاد احمد کو گرفتار کرلیا۔ پولیس نے 5 ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرکے دیگرملزمان کی تلاش شروع کردی ہے۔ پولیس کے مطابق ملزمان کافی عرصہ سے غیر قانونی ایرانی تیل کا کاروبار کرتے تھے۔ کوئٹہ سے منگوا کر یہ آئل محمد پور اور گرد و نواح میں بیچا جاتا تھا۔ جبکہ ملزمان کے خلاف کسٹم حکام پہلے بھی کاروائی کرچکے ہیں۔ کسٹم ذرائع کے مطابق یہ گودام سیل ہے۔ مگرحیرانی کی بات ہے کہ اب بھی اس گودام میں آئل کا کاروبار ہو رہا تھا۔ تاہم شہریوں نے پولیس کی حالیہ کاروائی کو مثبت قرار دیا ہے۔
![]()