کراچی (رپورٹ: ذیشان حسین) ایسوسی ایشن آف پارلیمینٹری جرنلسٹس سندھ ( اے پی جے) کے وفد نے جمعرات کو مشیر اطلاعات قانون و اینٹی کرپشن سندھ بیرسٹر مرتضی وہاب سے انکے دفتر میں ملاقات کی ملاقات میں پیر جو گوٹھ ضلع خیرپور کے صحافی خادم جونیجو پر حملے سے متعلق گفتگو ہوئی۔ اے پی جے وفد میں صدر ارباب چانڈیو، سینئر نائب صدر اکرم بلوچ، سیکریٹری جنرل وکیل راؤ، خزانچی اقتدار انور، سینئر صحافی اکبر جعفری، وقاص باقر اور دیگر موجود تھے اے پی جے وفد نے مشیر اطلاعات کو خادم جونیجو پر حملے کی تفصیلات سے آگاہ کیا اور مطالبہ کیا کہ بے گناہ صحافی پر حملہ کرنے والوں کو فوری گرفتار کیا جائے۔ بیرسٹر مرتضی وہاب نے موقع پر ہی ایس ایس پی خیرپور سے ٹیلی فون پر رابطہ کیا اور نجی چینل کے صحافی پر حملہ کرنے والوں کو گرفتار کرنے کی ہدایت کی۔ بیرسٹر مرتضی وہاب کا کہنا تھا کہ پیپلزپارٹی کی حکومت آزادی صحافت پر یقین رکھتی ہے۔ ہم صحافیوں سمیت کسی بے گناہ کے ساتھ زیادتی برداشت نہیں کرینگے انہوں نے اے پی جے کے سندھ اسمبلی کی کوریج کے حوالے سے درپیش مسائل کے حل میں بھی بھرپور تعاون کی یقین دہانی کرائی۔
![]()