نوشہرو فیروز (رپورٹ: امداداللہ ملک) ڈپٹی کمشنر نوشہرو فیروز کیپٹن (ر) بلال شاہد راؤ نے ڈپٹی کمشنر آفس کے کمیٹی روم میں محکمہ تعلیم کے افسران کے ایک اجلاس کی صدارت کی۔ اس موقع پر ضلع بھر محکمہ تعلیم کے افسران کالجز کے پرنسپال اور دیگر افسران موجود تھے۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ گیارہیوں اور بارہویں جماعت کے سالانہ امتحاںات کے دوران نقل کے رجحان کو روکنے کے لئے ہر تحصیل کی سطح پر ویجیلنس کمیٹیاں تشکیل دی گئی ہیں جس میں تحصیل کا اسسٹنٹ کمشنر، مختیار کار، تعلقہ ایجوکیشن آفیسر اور ڈی ایس پی اس کمیٹی کے ممبر ہوں گے۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ نقل کے رجحان کو ختم کرنے کی ضرورت ہے۔ پورے سندھ میں نقل مافیا کے خلاف کاروائیاں کی جارہی ہیں۔ کسی بھی امتحانی مرکز میں انویجیلیٹر موبائل فون کے استعمال، ہینڈ بکس اور نوٹس کے استعمال کو روکنے کے پابند ہوں گے۔ اگر کہیں کوئی ملازم نقل کرانے میں ملوث پایا گیا تو اس کے خلاف قانونی کاروائی کی جائے گی۔ محکمہ پولیس صرف امتحانی مراکز کے باہر تعینات ہوں اندرونی ذمہ داری امتحانی مرکز کے انچارج کی ہے انہوں نے تمام پرنسپلز کو نقل روکنے میں اپنے فعال کردار ادا کرنے کی ہدایت کی۔ اس موقع پر تمام افسران نے اپنے بھرپور تعاون کا یقین دلایا۔ اس سے قبل ڈپٹی کمشنر نے محکمہ روینیو کے افسران کے ساتھ ایک اجلاس کی صدارت کی۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ ہر اسٹنٹ کمشنر اور مختیار کار اپنے کام کا شیڈول بنائے اور ہفتے میں دو تعلیمی اداروں اور مراکز صحت کا دورہ کریں اور وہاں سہولیات کی فراہمی کے بہتر بنانے میں اپنا کردار ادا کریں۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ روینیو عملے کی حاضری کو بھی یقینی بنایا جائے۔ انہوں کہا کہ اگر کوئی بھی تپہ دار یا کوئی اور شخص اپنی ڈیوٹی سے غیر حاضر ہو تو اس کے خلاف قانونی کاروائی کی جائے گی۔
![]()