کراچی (رپورٹ: ذیشان حسین) عالمی یوم صارف سیمینار اور ایوارڈز کنزیومر رائٹس پروٹیکشن کونسل آف پاکستان (سی آر پی سی) اور میڈیونکس کے تحت منعقد ہوں گے۔ یہ اعلان چیئرمین سی آر پی سی شکیل بیگ نے آرگنائزنگ کمیٹی کے ہمراہ کراچی پریس کلب میں پریس کانفرنس سے خطاب کے دوران کیا۔ اس موقع پر صدر پیک پرائیویٹ اسکولز ایسوسی ایشن سندھ سید شہزاد اختر، جامعہ کراچی کے سوشل ڈپارٹمنٹ کے چیئرمین ڈاکٹرمحمد شاہد، میڈیا کنسلٹنٹ و سی ای او میڈیونکس اختر شاہین رند، سی آر پی سی کے وائس چیئرمین عمران خالق، ڈائریکٹرز سی آر پی سی منظور حسین، علی بخاری، صوفیہ خان، فرحت عثمان، فوکل پرسن سی آر پی سی سید محمد دانش اور دیگر بھی موجود تھے۔شکیل بیگ نے کہا کہ سی پیک اور موجودہ معاشی تناظر میں مقامی صنعت کو فروغ دینے کی بہت ضرورت ہے۔ یہ پہلا موقع ہے کہ صارفین کی مقامی مصنوعات سے مخلصی کا اعتراف کیا جائے گا۔ صارف کی وجہ سے ہی ہر انڈسٹری کا پہیہ چلتا ہے،پاکستان میں صارفین کو زیادہ ترکمپنیاں نظر انداز کر جاتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو زرمبادلہ کے مسائل کا سامنا ہے، سی پیک کے تناظر میں مقامی صنعت کا فروغ پہلے سے زیادہ اہم ہے۔ شکیل بیگ نے بتایا کہ عالمی یوم صارف سیمینار میں فلاح انسانیت کا کام کرنے والوں کو پرائیڈ آف ہیومینیٹی ایوارڈز بھی دئیے جائیں گے۔ انہوں نے بتایا کہ سیمینار کے مہمان خصوصی وزیر بلدیات سندھ سعید غنی ہوں گے، جسٹس ریٹائرڈ وجیہہ الدین احمد صدارت کریں گے۔ وزیراعلیٰ سندھ کے مشیران راشد ربانی اور وقار مہدی بھی اعزازی مہمانان ہوں گے۔ پریس کانفرنس کے بعد مخلص صارفین کے لیے قرعہ اندازی بھی کی گئی۔
![]()