کراچی (رپورٹ: ذیشان حسین) پی ایس ایل فور کا پاکستان میں پہلا میچ اسلام آباد یونائیٹڈ نے نیشنل اسٹیڈیم میں چھکوں چوکوں کی بارش کردی ڈیلپورٹ کی شاندار سنچری اور آصف علی نصف سنچری کی بدولت لاہور قلندرز کو پی ایس ایل کی تاریخ کا سب سے بڑا 239 رنز کا ہدف دے دیا۔ کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے جارہے میچ میں لاہور قلندرز کے کپتان فخرزمان نے ٹاس جیتا اور فیلڈنگ کو ترجیح دیتے ہوئے اسلام آباد یونائیٹڈ کو بیٹنگ کی دعوت دی۔ اسلام آباد یونائیٹڈ کے لیے آغاز اچھا نہ رہا اور پہلی ہی گیند پر رونکی کیچ آؤٹ ہوگئے جب کہ 32 کے مجموعے پر سالٹ 10 رنز بنا کر چلتے بنے ، جس کے بعد والٹن اور ڈیلپورٹ نے 118 رنز کی قیمتی پارٹنرشپ قائم کرکے ٹیم کہ نہ صرف سنبھالا بلکہ بڑے اسکور کی بنیاد بھی رکھی، دونوں بیٹسمینوں نے وکٹ کے چاروں جانب زبردست اسٹروکس کھیلے۔ والٹن 150 کے مجموعے پر 48 رنز بنا کر پویلین لوٹے، ان کی اننگز میں 4 چھکے اور 2 چوکے شامل جبکہ دوسری جانب ڈیلپورٹ جم کر بولرز کی پٹائی کرتے رہے اورصرف49 گیندوں پر سنچری بنائی۔ انہوں نے 117 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی، بائیں ہاتھ کے بلے باز نے 13 چوکے اور 6 چھکے لگائے۔ ہٹر آصف علی نے جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 17 گیندوں پر نصف سنچری بنائی ہے۔ انہوں نے 21 گیندوں پر 55 رنز بنائے جس میں نصف درجن چھکے اور 3 چوکے شامل تھے۔
![]()