Home / اہم خبریں / حکومت احتیاط، علاج اور خوراک پر مبنی تین نکاتی حکمت عملی ترتیب دے۔ خلیل احمد تھند وائس چیئرمین پاسبان ڈیموکریٹک پارٹی

حکومت احتیاط، علاج اور خوراک پر مبنی تین نکاتی حکمت عملی ترتیب دے۔ خلیل احمد تھند وائس چیئرمین پاسبان ڈیموکریٹک پارٹی

کراچی (رپورٹ: ذیشان حسین) پاسبان ڈیموکریٹک پارٹی کے وائس چیئرمین خلیل احمد تھند نے کہا ہے کہ حکومت احتیاط، علاج اور خوراک پر مبنی تین نکاتی حکمت عملی ترتیب دے  جس میں رنگ بھرنے کے لئے سرکاری وسائل کے ساتھ ساتھ با وسائل لوگوں کی شرکت کو ممکن بنانے کیلئے جامع منصوبہ بندی کی جائے۔ انتخابی مہم میں اربوں روپے خرچ کرنے والے کورونا وائرس کے مریضوں اور متاثرین کے لئے آگے کیوں نہیں آرہے؟ قومی ضرورتوں کو پورا کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے۔ اندھی پالیسی کے نتائج فوائد کے بجائے وسائل کے ضائع ہونے اور مزید پریشانیوں کے پیدا ہونے کے نتیجے میں سامنے آئیں گے۔ حکومت پیدا ہونے والی افراتفری پر کنٹرول کرے۔ ملک و قوم کی بہتری کیلئے شفاف حکمت عملی ترتیب دے کر اس پر دانشمندانہ اور موثر عملدرآمد ممکن بنایا جائے۔ اس موقعہ پر حکومت پاکستان ملٹی نیشنل کمپنیوں کو کردار ادا کرنے پر مجبور کرے جو دنیا بھر کے وسائل پر قبضہ جمائے بیٹھی ہیں۔ پاسبان پریس انفارمیشن سیل سے جاری کردہ بیان میں پاسبان کے وائس چیئرمین خلیل احمد تھند نے مزید کہا کہ ناگہانی آفتوں کے وقت حکومت اپنی ذمہ داریوں سے دستبردار نہیں ہو سکتی۔ وباء پر کنٹرول میں تعاون کے لئے جہانگیر ترین کے ہیلی کاپٹر کا میدان میں نہ نکلنا افسوسناک ہے۔ کیا جہانگیر ترین کا ہیلی کاپٹر ارکان اسمبلی کی خرید و فروخت کے لئے ہی کارآمد ہے؟ آج اس مصیبت کی گھڑی میں اپنی حکومت بنانے کے لئے اراکین اسمبلی کو 5,5 کروڑ میں خریدنے والے جہانگیر ترین، خسرو بختیار، زلفی بخاری، اعظم سواتی، علیم خان اور فیصل واوڈا جیسے ارب پتی لوگ کہاں چھُپ گئے ہیں؟ حکومت وبا کے مقابلہ کے لئے اچھی شہرت کے حامل افراد پر مشتمل کمیٹی کی نگرانی میں فنڈ قائم کرے۔ حکومت، اپوزیشن، ارکان اسمبلی اور بیورو کریسی کے ارکان اس فنڈ میں حصہ ڈال کر پہل کریں۔عوام کورونا وائرس کے حوالے سے حکومتی اقدامات پر بے یقینی کا شکار ہیں۔ حکمران، عوام پر اپنا اعتماد بحال کریں کیونکہ عوام کا عدم اعتماد کسی بڑے المیے کو جنم دے سکتا ہے۔ ڈاکٹرز، پیرامیڈیکل اسٹاف اور فیلڈ میں کام کرنے والے سوشل ورکرز کو حفاظتی کٹس اور سہولیات فراہم کی جائیں تا کہ وہ بلا خوف و خطر کام کر سکیں۔ حکومتی ارکان اگر اس مشکل وقت میں حکومت سازی کے وقت کی گئی محنت اور وسائل کے برابر بھی خرچ کردیں تو وباء سے نمٹنا مشکل نہیں ہوگا۔ پاکستانی قوم نے ہر مشکل گھڑی میں اپنا سب کچھ قربان کیا ہے لیکن حکومتوں نے ہمیشہ عوام سے دھوکہ کیا، جس کی وجہ سے عوام میں نازک وقت میں بد اعتمادی پائی جاتی ہے۔ڈیم کے پیسوں کی شفافیت قائم رکھی جاتی تو آج قوم اس سے بھی زیادہ قربانی کا جذبہ دکھا رہی ہوتی۔ حکومت عوام تک درست اور قابل اعتماد معلومات کی رسائی ممکن بنائے تاکہ خوف و ہراس اور افراتفری کی بجائے بہتر رہنمائی ممکن ہو سکے۔ ملٹی نیشنل کمپنیوں کے ایگزیکٹوز کا شمار دنیا کے امیر ترین افراد میں ہوتا ہے۔ ان کے پاس بے شمار دولت ہے جسے اس عالمی بحران کے موقع پر بروئے کار لایا جائے۔ اس موقع پر امریکہ، برطانیہ، سوئٹزرلینڈ، یورپ، مشرق وسطی اور دیگر براعظموں اور ممالک میں جن جن ملکوں کی لوٹی ہوئی دولت گمنامی اکاؤنٹس میں پڑی ہیں وہ ان ممالک کو واپس کی جائیں۔ حکومت پاکستان یہ معاملہ عالمی سطح پر اٹھائے۔

About admin

یہ بھی پڑھیں

آج ٹی وی میں تنخواہوں کی تاخیر، کے یو جے دستور کا اظہارِ تشویش

کراچی، (رپورٹ، ذیشان حسین/اسٹاف رپورٹر) کراچی یونین آف جرنلسٹس (دستور) نے آج ٹی وی میں …

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے