Home / اہم خبریں / بے گھر افراد کو کورونا وائرس سے بچانے کے لئے ایوان صدر، وزیر اعظم ہاؤس سمیت ایوانوں کے دروازے کھول دیئے جائیں۔ الطاف شکور

بے گھر افراد کو کورونا وائرس سے بچانے کے لئے ایوان صدر، وزیر اعظم ہاؤس سمیت ایوانوں کے دروازے کھول دیئے جائیں۔ الطاف شکور

کراچی (رپورٹ: ذیشان حسین) پاسبان ڈیموکریٹک پارٹی کے چیئرمین الطاف شکور نے کہا ہے کہ بے گھر افراد کو کورونا وائرس سے بچانے کے لئے ایوان صدر، وزیر اعظم ہاؤس، وزرائے اعلی ہاؤسز، تمام گورنر ہاؤسز اور ملک بھر کے ڈویژنل و ڈپٹی کمشنر ہاؤسز کے دروازے کھول دیئے جائیں۔ اقتدار کے ایوانوں اور سرکاری ریسٹ ہاؤسز کو کورونا متاثرین کے لئے وقف کیا جائے۔ جن لاکھوں افراد کے گھر نہیں ہیں و ہ کورونا وائرس سے کیسے بچیں گے؟ بے گھروں کو گھر فراہم کرنا تحریک انصاف کی حکومت کا اپنے منشور میں وعدہ بھی تھا، اسے پورا کرنے کا یہ سنہری موقعہ ہے۔ یہ اشرافیہ کا ملک نہیں ہے، پاکستان میں بسنے والے عام اور غریب آدمیوں کا ملک ہے۔ پاسبان کے تجویز کردہ اقدامات پر عمل درآمد کر کے لاکھوں بے گھروں،عام، مظلوم اور لاوارث پاکستانیوں کو احساس دلایا جائے کہ اس ملک کے نفع نقصان میں اُن کا بھی حصہ ہے۔ اس ملک میں ان کی بھی کوئی عزت و اہمیت ہے کیونکہ یہ پی ٹی آئی کا منشور بھی تھا۔ حکومت اپنے منشور پر عمل کر کے سابقہ حکمرانوں نواز شریف اور زرداری سے مختلف ثابت کرے، ورنہ عوام یہ سمجھنے میں حق بجانب ہوں گے کہ پی ٹی آئی بھی دیگر جماعتوں کی طرح اسٹیٹس کو قائم رکھنے والی جماعت ہے۔ اگر اس موقعہ پر بھی ان تمام اعلی ایوانوں پر مشتمل مقامات میں جوکہ دراصل پبلک پراپرٹی ہیں، مریضوں اور غریبوں کو جگہ نہیں دی گئی، شیلٹر نہیں فراہم کئے گئے تو یہ سمجھا جائے گا کہ پی ٹی آئی بھی سابقہ حکومتوں سے کسی طرح مختلف نہیں ہے۔پاسبان پریس انفارمیشن سیل سے کورونا وائرس کے سلسلے میں جاری کردہ ایک بیان میں پاسبان ڈیموکریٹک پارٹی کے چیئرمین الطاف شکور نے مزید کہا کہ اس وقت جب کورونا وائرس کی تباہ کاریاں بڑھتی جا رہی ہیں، ملک کو لاک ڈاؤن کی صورتحال کا سامنا ہے۔ شہریوں کو گھروں میں محصور ہونے کا کہا جا رہا ہے۔ وہ تمام افراد جو کسی بھی وجہ سے سڑکوں اورگلیوں میں رہنے پر مجبور ہیں وہ براہ راست کورونا وائرس کے نشانے پر ہیں، ان کو بے یارو مددگار چھوڑنے کے بجائے، ان کی زندگیوں کو حتی الامکان محفوظ بنانے کے لئے ایوان صدر سے لے کر بڑے بڑے ڈپٹی کمشنر ہاؤسز سمیت تمام ایوانوں کے دروازے کھول دیئے جائیں۔ اس کے علاوہ بھی بے گھر افراد کو فوری شیلٹر دینے کے لئے پورے ملک میں ایمرجنسی پناہ گاہیں قائم کی جائیں۔ اس مقصد کے لئے حکومت جہاں شاپنگ مالز، ایکسپو سینٹر، بڑے بڑے ہوٹلز اور تعلیمی اداروں کو پناہ گاہوں اور ایمرجنسی ریلیف کیمپ میں تبدیل کررہی ہے، جاگیرداروں اور اشرافیہ کے عیش کدوں کو بھی پناہ گاہوں میں تبدیل کر دیا جائے۔ پورے ملک میں کمشنرز اور ڈپٹی و اسسٹنٹ کمشنرز کیلئے مختص سرکاری عمارتوں کو قرنطینہ ہاؤسز ڈکلیئر کیا جائے۔ ملک بھر میں پہلے سے موجود بے آباد سرکاری رہائش گاہوں کی مرمت کے بعد بے گھر افراد کو آباد کیا جائے۔ الطاف شکور نے مزید کہا کہ بے گھر اور بے سہارا افراد کی کفالت ریاست کی اہم اور بنیادی ذمہ داری ہے اور یہ تحریک انصاف کی حکومت کے ایجنڈے کا حصہ ہے، جسے فی الفور پورا کیا جائے۔ نادار، بے سہارا افراد کی کفالت کے حوالے سے بھی تحریک انصاف کی حکومت اپنے فرائض بخوبی ادا کرے۔ وزیر اعظم صاحب غریب اور بیروزگار لوگوں کو نوکریاں اور بے گھر افراد کو گھر دینے کے اپنے انتخابی وعدوں کو پورا کریں۔

About admin

یہ بھی پڑھیں

قلندرز کی دھماکہ خیز فتح، زلمی کی فتوحات کا سلسلہ تھم گیا

لاہور، (رپورٹ، ذیشان حسین/اسپورٹس رپورٹر) ایچ بی ایل پی ایس ایل کے اہم مقابلے میں …

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے