کوئٹہ (رپورٹ: محمد حمیر قاضی) کورونا وائرس کے خطرے کے پیش نظر بلوچستان میں پولیو کے مستقل ٹرانزٹ پوائنٹس پر ویکسینیشن بند کردی گئی، جبکہ صوبے کے 20 اضلاع میں انسداد پولیو مہم اختتام پذیر ہوگئی ہے۔ محکمہ صحت کے مطابق بلوچستان میں 37 ٹرانزٹ پوائنٹس پر پولیو سے بچاؤ کی ویکسینیشن کی جارہی تھی، جن میں ہوائی اور بس اڈے سمیت ریلوے اسٹیشن شامل تھے۔ ٹرانزٹ پوائنٹس میں ایران، افغانستان اور دیگر صوبوں کے ساتھ مختلف سرحدی مقامات بھی شامل ہیں۔ دوسری جانب بلوچستان میں ایمرجنسی آپریشن سینٹر (ای او سی) کا کہنا ہے کہ صوبے کے 20 اضلاع میں جاری انسداد پولیو مہم اختتام پذیر ہوگئی ہے۔ ای او سی کے مطابق انسداد پولیو کی 4 روزہ مہم کے دوران ویکسینیشن کا 94 فیصد ہدف حاصل کرلیا گیا ہے، مہم کے دوران 12 لاکھ سے زائد بچوں کو پولیو سے بچاؤ کی ویکسینیشن کا ہدف مقرر کیا گیا تھا۔
![]()