سانگھڑ (ڈسٹرکٹ رپورٹر: رضوان احمد) ٹنڈو آدم ضلع سانگھڑ میں سندھ کا پہلا شطر مرغ کا فارم قائم کیا گیا ہے جس کا افتتاح آج صوبائی وزیر براۓ ماہ گیری اور لائیو اسٹاک عبدالباری پتافی نے کیا۔ ٹنڈو آدم کے قریب سانگھڑ روڈ پر قائم گاؤں سچے ڈنو وریاہ میں وریاہ خاندان کی جانب سے قائم کردہ شطرمرغ فارم کی افتتاحی تقریب میں تاج محمد وریاہ، راجا طاہر لطیف، محکمہ لائیو اسٹاک کے حکام، مویشی مالکان، علاقے کے کاشتکاروں اور دیگر نے شرکت کی۔ اس موقع پر صوبائی وزیر عبدالباری پتافی نے اعلان کیا کہ حکومت سندھ کی جانب سے جلد صوبہ بھر میں ضلع، تعلقہ اور یوسیز سطح پر مویشیوں کی دیکھ بھال اور علاج معالج کے لئے وٹنری کمپلیکس اور سینٹرز قائم کئے جائیں گے جبکہ ضلع تھرپارکر میں گوشت اور دودھ کے پراسیسنگ یونٹس بھی لگائے جائیں گے تاکہ یہاں کا گوشت اور دودھ باہر ممالک میں بھیج کر ملکی آمدنی میں اضافہ لایا جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت سندھ آئندہ سال مویشوں کے لئے نئی پالیسی متعارف کرا رہی ہے جس کے تحت مویشیوں کے چھوٹے بچوں کو ذبح کرنے پر پابندی عائد کرنے اور ان کی دیکھ بھال کے لئے سہولیات مہیا کی جائیں گی۔ جبکہ 1964 کے قانون میں ترامیم کرکے سلاٹ ہاؤسز پر جرمانے کے رقم بڑھانے اور ان پر قید کی سزا مقرر کی جائے گی تاکہ چھوٹے جانوروں کو ذبح کرنے کو روکنے اور معیاری گوشت کی دستیابی کو یقینی بنایا جاسکے۔ انہوں نے اعلان کیا کہ محکمہ لائیو اسٹاک آئندہ سال اپنا ویب ٹی وی چینل بھی متعارف کرا رہا ہے تاکہ مویشی مالکان کو بروقت آگاہی دی جاسکے۔ ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ اس وقت ایک مویشی کی ویکسین پر سرکاری طور پر 40 روپے کا بجٹ مل رہا ہے جبکہ ایک سال میں ایک مویشی کی ویکسین اور علاج کا خرچہ 700 ہے اور یہ کوشش کی جارہی ہے کہ اس بجٹ بڑھایا جائے۔ شطر مرغ کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ سندھ میں شطر مرغ کی پراسیسنگ سے مویشی مالکان کے ذریعہ معاش میں بہتری آئے گی۔ اس لئے شطر مرغ کو لائیو اسٹاک کا درجہ دیا گیا ہے اور اب محکمہ شکار کو شطر مرغ کی نقل مقانی پر کوئی اعتراض نہیں ہوگا نہ ہی وہ کسی قسم کا جرمانہ لگا سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان کا محکمہ شطر مرغ کے علاوہ مختلف ناپید جانوروں، پرندوں اور مچھلی کی اقسام باہر ممالک سے درآمد کر رہا ہے جو سندھ کے آبادگاروں کو مفت فراہم کئے جائیں گے۔ اس موقع پر شطر مرغ فارم کے مالک تاج محمد وریاہ نے ٹنڈو آدم میں وٹنری کمپلیکس قائم کرنے کے لئے اپنی ذاتی زمین حکومت سندھ کو دینے کا بھی اعلان کیا۔
![]()