میرپورخاص (رپورٹ: ایم ہاشم شر) بیرونی فنڈ پر چلنے والی این جی اوز اور میڈیا نے چند پاکستانی خواتین کو اشتہار کے ذریعے ملٹی نیشنل کمپنیوں کا آلہ کار بنا لیا ہے جوکہ حیا باختہ اشتہارات اور ڈراموں کے ذریعے پاکستانی معاشرے اور خاندانی نظام کو ٹوٹ پھوٹ کا شکار کرنا چاہتا ہے، اسلام ہی عورت کے تقدس احترام اور اسکے تمام حقوق کا ضامن ہے۔ ان خیالات کا اظہار امیر جماعت اسلامی میرپورخاص حاجی نور الٰہی مغل نے میرپورخاص پریس کلب پر جماعت اسلامی حلقہ خواتین میرپورخاص کے تحت منعقدہ 8 مارچ عالمی خواتین ڈے کے موقع پر تکریم نسواں کے مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے کیا، مظاہرے سے جنرل سیکرٹری عاصم شیخ نے بھی خطاب کیا، مظاہرے میں جماعت اسلامی حلقہ خواتین کی رہنماؤں رخشندہ ناز نے اور صبیحہ احتشام نے میڈیا کے نمائندوں کو جماعت اسلامی حلقہ خواتین کی حقوق نسواں تحریک سے آگاہ کیا، مظاہرے میں سینکڑوں خواتین اور بچوں نے شرکت کی، حاجی نور الٰہی مغل نے اپنے خطاب میں مزید کہا کہ جماعت اسلامی اقتدار میں آکر خواتین کے تمام حقوق جن میں بنیادی و اعلیٰ تعلیم کیلئے علیحدہ تعلیمی ادارے، جائیداد میں شرعی حصہ، معاشرے میں تقدس اور احترام کا مقام اور خاندانی نظام کا مضبوط پشتِ بان بنائے گی، انہوں نے مزید کہا کہ آج چند مغرب زدہ لبرل خواتین، ‘حقوق خواتین’ کے نعرے کی آڑ لیکر پاکستانی معاشرے کو بھی حیا باختہ کرکے خاندانی نظام اور شوہر اور بیوی کے مقدس رشتے کو پامال کرنا چاہتی ہے۔
![]()