لاہور (سپورٹس ڈیسک) صدر پاکستان عارف علوی پاکستان میں کرکٹ کے فروغ کے لیے گراں قدر خدمات سرانجام دینے پر 23 مارچ کو پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کی ٹیم پشاور زلمی کے کپتان ڈیرن سیمی کو پاکستان کی اعزازی شہریت سے نوازیں گے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ نے اپنے آفیشل ٹوئٹر اکاؤنٹ پر دیے گئے ایک پیغام کے ذریعے اس خبر کی تصدیق کی ہے اور لکھا ہے کہ ڈیرن سیمی کی کرکٹ کے فروغ کیلئے قابل قدر خدمات کے اعتراف میں 23 مارچ کو صدر عارف علوی ڈیرن سیمی کو پاکستان کے اعلیٰ ترین سول اعزاز "نشان پاکستان” سے نوازیں گے۔ یہ فیصلہ ڈیرن سیمی کی پاکستان کرکٹ کیلئے خدمات کے اعتراف میں کیا گیا ہے۔ واضح رہے کہ ڈیرن سیمی پاکستان آنے پر راضی ہونے والے ابتدائی کھلاڑیوں میں سے ایک تھے اور انہوں نے دنیا میں پاکستان کو کرکٹ کیلئے ایک محفوظ ملک قرار دینے کی مہم میں اہم کردار ادا کیا۔ ڈیرن سیمی کی پی ایس ایل ٹیم پشاور زلمی کے مالک جاوید آفریدی نے گزشتہ دنوں پاکستان کرکٹ بورڈ سے کہا تھا کہ سیمی کو پاکستان کی اعزازی شہریت دینے کی درخواست صدر مملکت کی ٹیبل پر موجود ہے، اس موقع پر انہوں نے پی سی بی چیئرمین احسان مانی سے درخواست کی تھی کہ وہ صدر مملکت سے اس کی منظوری کی سفارش کریں۔ دوسری جانب ڈیرن سیمی نے کراچی میں ایک پریس کانفرنس میں کہا کہ انہیں پاکستان سے محبت کیلئے یہاں کے پاسپورٹ کی ضرورت نہیں، اچھی بات ہے کہ ان کے کام کا اعتراف کیا جارہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں آج کرکٹ کی جو واپسی ہوئی ہے اس میں ہر اس کرکٹر کا کردار ہے جس نے پچھلے 3 سال کے دوران یہاں کا دورہ کیا۔ سیمی کا کہنا تھا کہ انہوں نے پاکستان کیلئے جو کچھ کیا وہ ان کی یہاں کے عوام سے لگاؤ اور یہاں سے ملنے والی محبت کا نتیجہ تھا۔
![]()