کراچی (رپورٹ: ذیشان حسین) کیماڑی اور ملحقہ علاقوں میں صورتحال معمول پر آگئی بدھ کی صبح نو بجے سے اب تک کسی جانی نقصان یا علالت کا واقعہ نہیں ہوا۔ تاہم 35 افراد نے طبعیت خراب ہونے کی شکایت کی اور ہسپتال میں طبی مشاورت کے لئے رجوع کیا۔ فوری طبی امداد ملنے کے بعد ان کی طبعیت بحال ہوگئی اور انہیں ہسپتال میں داخل کرنے کی ضرورت نہیں پڑی۔ انہوں نے آنکھوں میں جلن اور سانس اکھڑنے کی شکایت کی تھی۔ اس افسوسنا ک واقعہ میں دس افراد جاں بحق ہوئے جبکہ تین سو افراد کو ہسپتالوں میں طبی امداد کے لئے داخل کیا گیا۔ ان متاثرہ افراد کی اکژیت کو طبعیت بحال ہونے کے بعد رخصت کر دیا گیا ہے۔ انٹرنیشنل سینٹر برائے کیمیکل اینڈ بائیولوجیکل سائنسز، جامعہ کراچی نے کمشنر کراچی کو رپورٹ پیش کر دی ہے جس میں بتایا گیا ہے کہ کیماڑی واقعہ مین جاں بحق ہونے والے افراد کے خون کے تجزیئے سے معلوم ہوا ہے کہ ان کی اموات سویابین دھول میں موجود ایرو الرجن کی وجہ سے رونما ہوئی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ اسی قسم کا واقعہ دو سال قبل اسپین میں ہوا تھا جس میں متعدد افراد متاثر ہوۓ تھے۔ رپورٹ میں تجویز کیا گیا ہے کہ مزید کسی نقصان سے بچنے کے لئے ضروری ہے کہ مذکورہ شپ (کنٹینر) کو شہری علاقہ سے دور رکھا جائے۔
![]()