Home / اہم خبریں / پاکستان کی پہلی ٹیسٹ ٹیم کے رکن وقار حسن 87 سال کی عمر میں کراچی میں انتقال کرگئے، پی سی بی کا وقار حسن کے انتقال پر گہرے دکھ کا اظہار

پاکستان کی پہلی ٹیسٹ ٹیم کے رکن وقار حسن 87 سال کی عمر میں کراچی میں انتقال کرگئے، پی سی بی کا وقار حسن کے انتقال پر گہرے دکھ کا اظہار

کراچی (رپورٹ: ذیشان حسین) پی سی بی نے پاکستان کی پہلی ٹیسٹ ٹیم کے رکن وقار حسن کے انتقال پر گہرے دکھ کا اظہار کیا ہے۔ سابق ٹیسٹ کرکٹر آج صبح 87 سال کی عمر میں کراچی میں انتقال کرگئے۔ وقار حسن 12 ستمبر 1932 کو امرتسر میں پیدا ہوئے۔ وہ پاکستان کی جانب سے پہلا ٹیسٹ میچ کھیلنے والے اسکواڈ کا حصہ تھے۔ پاکستان نے ٹیسٹ کرکٹ کی تاریخ میں اپنا پہلا ٹیسٹ میچ اکتوبر 1952 میں بھارت کے خلاف نئی دہلی کے میدان پر کھیلا تھا۔ دورے کے دوران وقار حسن نے 5 میچوں میں پاکستان کی نمائندگی کی تھی۔ سیریز میں ان کا اسکور 8 اور 5 (نئی دہلی)، 23 (لکھنؤ)، 81 اور 65 (ممبئی)، 49 (چنئی) اور 29 اور 97 (کلکتہ) رہا۔ وقار حسن انگلینڈ کے خلاف تاریخی فتح حاصل کرنے والی قومی ٹیسٹ کرکٹ ٹیم کا بھی حصہ تھے۔ 1954 میں کھیلے گئے تاریخی ٹیسٹ میچ میں پاکستان نے انگلینڈ کے خلاف 24 رنز سے کامیابی حاصل کی تھی۔ وقار حسن کے ٹیسٹ کیرئیر کا اختتام 1959 میں ہوا۔ انہوں نے پاکستان کی جانب سے کل 21 ٹیسٹ میچوں میں 1071 رنز بنائے۔ ٹیسٹ کیرئیر میں انہوں نے واحد سنچری نیوزی لینڈ کے خلاف بنائی۔ اکتوبر 1955 کو باغ جناح میں کھیلے گئے میچ میں انہوں نے 189 رنز کی اننگز کھیلی تھی۔ یہ اننگز اس وقت پاکستان کی جانب سے کسی بھی بلے باز کی سب سے بہترین اننگز تھی جسے بعد میں امتیاز احمد نے 209 رنز بناکر توڑا۔ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کے بعد وقار حسن نے پاکستان کرکٹ بورڈ کے ساتھ بھی مختلف عہدوں پر کام کیا۔ وہ 1982 سے 1983 میں قومی سلیکشن کمیٹی کے سربراہ رہے۔ چیئرمین پی سی بی احسان مانی کا کہنا ہے کہ آج ایک افسوسناک دن ہے کیونکہ آج کی تاریخ میں پاکستان کرکٹ نے وہ آخری ستارہ کھودیا جنہوں نے قومی ٹیم کو دنیائے کرکٹ کے نقشے پر نمودار کیا۔ انہوں نے کہا کہ وقار حسن کا تعلق ان نمایاں کرکٹرز میں سے ہے جنہوں نے پاکستان کو ایک قابل فخر کرکٹ قوم بنانے میں اہم کردار ادا کیا۔ احسان مانی نے کہا کہ وقار حسن کے ساتھ ان کا ذاتی تعلق بھی تھا اور وہ ان کی بہت عزت کرتے تھے۔ انہوں نے کہا کہ وقار حسن ایک شاندار کرکٹر کے ساتھ ساتھ ایک عظیم انسان بھی تھے، وہ ایک ذہین اور سمجھدار منتظم تھے جنہوں نے پاکستان کرکٹ کی خدمت کی۔ چیئرمین پی سی بی نے کہا کہ وہ پی سی بی کی جانب سے وقار حسن کی وفات پر افسوس کا اظہار کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پی سی بی اس مشکل گھڑی میں سابق ٹیسٹ کرکٹر کے اہلخانہ اور دوستوں سے تعزیت کرتا ہے۔

 

About admin

یہ بھی پڑھیں

ایبٹ آباد میں آئی ٹی ایف–پی ٹی ایف وہیل چیئر ٹینس کوچنگ کیمپ کا آغاز

ایبٹ آباد، (اسپورٹس ڈیسک) پاکستان ٹینس فیڈریشن (پی ٹی ایف) اور انٹرنیشنل ٹینس فیڈریشن (آئی …

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے