ڈیرہ اسماعیل خان (رپورٹ: گوہر غنچہ) ترجمان محکمہ زراعت کے مطابق نظامت زرعی اطلاعات نے کاشتکاروں کی فنی راہنمائی کیلئے یو ٹیوب چینل لانچ کر دیا ہے۔ جس پر کاشتکاروں کو فنی راہنمائی کے لئے محکمانہ سفارشات پر مبنی جدید پیداواری ٹیکنالوجی کے تحت تیار ہونے والے زرعی پیغامات، ڈاکومینٹری، پروگرامز اور پروگرامز کے متعلق فیڈ بیک کاشتکاروں کی راہنمائی کے لئے نشر کئے جائیں گے۔ ترجمان محکمہ زراعت نے یہ بتایا کہ نظامت زرعی اطلاعات کاشتکاروں کی فنی راہنمائی کیلئے جدید ذرائع ابلاغ کے ذریعے کاشتکاروں تک فصلات کی جدید پیداواری ٹیکنالوجی پہنچا رہا ہے۔ اس چینل سے استفادہ کرنے کے لئے کاشتکار یوٹیوب
www.youtube.com
کے سرچ انجن میں جاکر
zaratnama
ٹائپ کرکے چینل کو سبسکرائب کرسکتے ہیں۔ ترجمان نے مزید کہا کہ محکمہ زراعت کے اس اقدام کا مقصد زراعت کو جدید دور سے ہم آہنگ کرنا ہے۔ یاد رہے اس سے قبل نظامت زرعی اطلاعات مختلف واٹس ایپ گروپس اور سوشل میڈیا (فیس بک) کے ذریعے بھی کاشتکاروں کو فصلوں کی جدید پیداواری ٹیکنالوجی کے متعلق آگاہی فراہم کر رہا ہے۔ اسی طرح” یو ٹیوب” چونکہ آج کل معلومات کا ایک آسان ذریعہ ہے اس لئے نظامت زرعی اطلاعات نے اس چینل کا لانچ کیا ہے جس کے ذریعے کاشتکاروں کو فنی راہنمائی فراہم کی جا رہی ہے۔ امید ہے کہ کاشتکار محکمہ کے اس انقلابی قدم سے بھرپور فائدہ اٹھائیں گے اور فصلوں کی جدید پیداواری ٹیکنالوجی کے متعلق معلومات کے لئے یوٹیوب چینل کا استعمال ایک اہم سنگِ میل ثابت ہوگا۔
![]()