ایبٹ آباد (رپورٹ: عتیق سلیمانی) کمشنر ہزارہ ڈویژن سید ظہیر الاسلام نے گزشتہ ہفتے اوگی میں منعقدہ کھلی کچہری کے دوران پیش کئے گئے مسائل کے حل میں پیش رفت یقینی بنانے کیلئے واپڈا، پبلک ہیلتھ، ایریگیشن اور دیگر محکموں کو ہدایت دی ہے کہ وہ محدود وسائل کے باوجود عوام کی بنیادی سہولیات کو ہرگز نظر انداز نہ کریں اور خصوصی طور پر بجلی کی لوڈشیڈنگ اور ڈیم کے لیے حاصل کی گئی اراضی کے معاوضوں کی عدم فراہمی کے مسائل کے فوری حل کے اقدامات کئے جائیں۔ انہوں نے ہزارہ کے تمام محکموں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ہر کھلی کچہری میں عوام مختلف محکموں کے خلاف شکایات پیش کرتے ہیں اگر سرکاری محکمے اپنے فرائض ذمہ داری کے ساتھ انجام دیں تو کھلی کچہریوں میں عوامی شکایات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ یہ ہدایات انہوں نے جمعرات کے روز اپنے دفتر میں واپڈا سمیت مانسہرہ کے سرکاری محکموں کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے جاری کیں۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر مانسہرہ کیپٹن ریٹائرڈ اورنگزیب حیدر، ایس ای واپڈا مانسہرہ، پراجیکٹ ڈائریکٹر منچھوڑ ڈیم اوگی، پبلک ہیلتھ اور ایریگیشن ڈیپارٹمنٹ کے افسران بھی موجود تھے۔ اجلاس میں اوگی کھلی کچہری میں پیش کی گئی شکایات دور کرنے میں درپیش رکاوٹوں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا اور انہیں دور کرنے کیلئے اہم فیصلے کئے گئے۔ اجلاس میں ایس ای واپڈا نے بجلی کی لوڈ شیڈنگ کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ مانسہرہ کے تمام فیڈرز اور گریڈ سٹیشنوں پر گنجائش سے ذیادہ لوڈ ہونے کے علاوہ بجلی کی بوسیدہ لائنیں اور ٹرانسفارمر بجلی کی فراہمی میں تعطل کی بڑی وجوہات ہیں۔ کمشنر ہزارہ سید ظہیر الاسلام نے کہا کہ ہم فوری طور پر پیسکو کے نوٹس میں مانسہرہ اور خاص طور پر اوگی کے عوام کو درپیش بجلی کے مسائل لا رہے ہیں تاکہ مانسہرہ کی بجلی کے مسائل حل ہوسکیں اس لیے پیسکو ان مسائل کے حل کے لیے ٹھوس اقدامات کرے۔ انہوں نے مزید کہا کہ منچھوڑ ڈیم کے لئے دو ارب رو پے مختص کئے گئے ہیں اور ڈیم کا زیادہ تر کام مکمل بھی کرلیا گیا ہے مگر آج تک عوام کو زمین کے پیسے نہیں ملے اسلئے انہوں نے ڈپٹی کمشنر مانسہرہ اور ایریگیشن ڈیپارٹمنٹ کے افسران کو ہدایت کی کہ ایک ہفتے کے اندر متعلقہ متاثرین کی زمینوں کی نشاندہی کرتے ہوئے رپورٹ دی جائے تاکہ ان زمینو ں کے معاوضوں کی ادائیگی کے اقدامات کئے جاسکیں۔ کمشنر ہزارہ نے پبلک ہیلتھ ڈپارٹمنٹ کو بھی ہدایات دیں کہ اوگی میں ایک ٹیوب ویل لائنوں سمیت مکمل ہے اور بجلی کا ٹرانسفامر بھی لگا ہوا ہے اس لئے اس کو فوری طور پر چلا کر عوام کو پانی کی سہولیات فراہم کی جائے اور ملہاڑ، شمدھڑہ اور کڑوڑی کی واٹر سپلائی سکیمیں تیار کرکے فوری طور پر چالو کی جائیں اور جن دیگر واٹر سپلائی سکیموں میں مسائل ہیں ان کو فوری دور کیا جائے۔
![]()