مردان (رپورٹ: اصغر خان) سینئر صوبائی وزیر سیاحت، کھیل و ثقافت محمد عاطف خان نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت پسماندہ علاقوں کی ترقی میں گہری دلچسپی رکھتی ہے، صحت، سیاحت، کھیل و ثقافت کے علاوہ تعلیم کی ترقی کیلئے عملی اقدامات اٹھا رہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر گڑھی مردان میں گورنمنٹ گرلز پرائمری سکول کے سنگ بنیاد کے موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس سکول کی تعمیر پر 2 کروڑ 16 لاکھ روپے لاگت آئیگی اور یہ منصوبہ ایک سال میں مکمل ہوگا۔ اس موقع پر ممبر قومی اسمبلی مجاہد خان، بہرام خان اور سی اینڈ ڈبلیو کے ایس ڈی او نصیر خان موجود تھے۔ ایم این اے مجاہد خان نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عوامی مفاد کے منصوبوں میں کوتاہی کو ہرگز برداشت نہیں کیا جائیگا۔ سینئر صوبائی وزیر نے یقین دلایا کہ عوام کو درپیش مسائل کو حل کرنے کیلئے ہر ممکن اقداما ت کئے جائینگے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف حقیقی معنوں میں عوام کی نمائندہ جماعت ہے، ہم وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں معیشیت کو مستحکم بنانے کیلئے بھر پور کوشش کر رہے ہیں۔ اور وہ دن دور نہیں کہ ہمارا ملک مشکلات کے بھنور سے نکل جائیگا۔ انہوں نے کہا کہ دنیا کو ایک مثبت پیغام پہنچا کہ پاکستان سیاحت کے حوالے سے ایک محفوظ ملک ہے، لیکن سیاحت کو فروغ دینے کیلئے بہت کچھ کرنا باقی ہے۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت پسماندہ علاقوں کو شہری علاقوں کے برابر لانے کے لئے ٹھوس اقدامات اٹھا رہی ہیں، اور انفراسٹرکچر کو بہتر بنایا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے عوام کیساتھ جو وعدے کئے تھے، وہ پورا کر رہے ہیں۔ آخر میں سینئر صوبائی وزیر محمد عاطف خان نے گورنمنٹ پرائمری سکول پیر گڑھی مردان کا سنگ بنیاد رکھ کر دعا کی۔
![]()