کراچی (رپورٹ: ذیشان حسین) ترجمان سندھ اور مشیر قانون و ماحولیات بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے اپنے جاری بیان میں کہا ہے کہ ملک میں بڑھتی ہوئی مہنگائی کی لہر سے عوام تنگ آ چکے ہیں اور حکمرانوں کے احمقانہ اقدامات سے یہ لگتا ہے کہ تحریک انصاف کا مشن عوام کو مہنگائی کی چکی کے پاٹوں میں پیسنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ گیس اور بجلی کے نرخوں میں دن بدن اضافہ کیا جارہا ہے اور ستم یہ ہے کہ اشیائے خورد و نوش کی اشیاء عوام کی پہنچ سے باہر ہوتی جارہی ہیں مگر وفاقی حکومت کے وزراء "سب اچھا ہے ” کا راگ الاپنے میں مشغول ہیں۔ ترجمان سندھ حکومت نے وفاقی حکومت پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ٹیکس وصولی میں ناکامی کا بڑھتا ہوا گراف ملک کی اقتصادی صورتحال بتا رہا ہے اور قومی مالیاتی ادارہ کی رپورٹس بھی معاشی صورتحال میں خطرہ کا الارم بجا رہی ہیں مگر حکمرانوں بشمول وزیر اعظم کی ساری توجہ سیاسی انتقام آرائی اور یو ٹرن پر مرکوز ہے جس کی وجہ سے حالات بد سے بد تر ہوتے جارہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ مشترکہ مفادات کونسل کا اجلاس طلب نہ کرنا سیاسی بد دیانتی ہے جس سے اٹھارویں ترمیم کی روح مجروح ہو رہی ہے کیونکہ اس کی وجہ سے صوبوں کو ان کے حقوق ملنے میں دشواری پیش آرہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی نے ہمیشہ آئین کی پاسداری کرتے ہوۓ جمہوری روایات کو دوام بخشا ہے اور ہم نے کبھی بھی اصولوں پر سودے بازی نہیں کی۔ تاریخ گواہ ہے کہ پیپلز پارٹی کا ہر کارکن ملک اور آئین کے لیئے اپنی جان نچھاور کرنے پر تیار رہتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم تحریک انصاف کے آمرانہ اقدامات کا بے خوفی سے ہر محاذ پر مقابلہ کریں گے۔
![]()