کراچی (رپورٹ: ذیشان حسین) وزیر اطلاعات و محنت سندھ سعید غنی سے چائنہ کی وزارت محنت آف لی یا اوننگ کے چیئرمین مسٹر زونگ یانگ، اسسٹنٹ چئیرمین چیمبر آف کامرس زانگ جن ہووا، لیو نینا صوبہ چائنا، می ٹنگ بین، چیف آپریٹرنگ آفیسر برائے اینو میسٹر گروپ نے ان کے دفتر میں ملاقات کی۔ ملاقات میں سیکرٹری محنت عبدالرشید سولنگی، مختلف لیبر یونینز کے رہنماؤں کے علاوہ چائنیز وفد کے ایڈوائزر میجر (ر) علی جعفر زیدی اور دیگر بھی موجود تھے۔ ملاقات میں پاکستان اور چائنا میں مزدوروں اور محنت کشوں کو ملازمتوں کے زیادہ سے زیادہ مواقع فراہم کرنے اور بالخصوص کراچی اور چائنا کے شہر شنگھائی جوکہ سسٹر سٹیز ہیں میں ملازمتوں کے مواقع فراہم کرنے پر بات چیت کی گئی۔ وفد نے صوبائی وزیر کو بتایا کہ چائنا پاکستان میں پہلے ہی مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کررہا ہے اور اب ہم چاہتے ہیں کہ ہم چائنا میں یہاں کے مزدوروں اور محنت کشوں بالخصوص یہاں کے نوجوانوں کے لیے ملازمتوں کے زیادہ سے زیادہ مواقع فراہم کریں۔ وفد نے صوبائی وزیر کو صوبہ سندھ میں آنے اور یہاں پر چائنا کے مختلف صوبوں میں پڑھے لکھے نوجوانوں کو مختلف پروجیکٹ میں ملازمتوں کے مواقع فراہم کرنے کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی اس موقع پر وزیر اطلاعات و محنت سندھ سعید غنی نے کہا کہ پاکستان اور چائنا کے مابین دوستی کا ایک لازوال رشتہ ہے اور آج پاکستان میں چائنیز کی سرمایہ کاری بھی اپنی مثال آپ ہے ہمیں خوشی ہے کہ چائنا صوبہ سندھ کے نوجوانوں کو روزگار کی فراہمی کے لئے اقدامات کررہا ہے سندھ میں پڑھے لکھے نوجوانوں کی ایک بڑی فورس موجود ہے ہم نے شہید بینظیر بھٹو یوتھ ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت نوجوانوں کو مختلف شعبوں میں تربیت بھی دی ہے ہم سندھ کے نوجوانوں کو بہتر روزگار کی فراہمی کے لئے تمام اقدامات کو بروئے کار لارہے ہیں۔ چائنیز کمپنی کی جانب سے پاکستان، چائنا سمیت دیگر ممالک میں سندھ کے نوجوانوں کو روزگار کی فراہمی کے مواقع فراہم کرنے کی آفر خوش آئند ہے ہم اس سلسلے میں جن نوجوانوں کو مختلف شعبوں میں تربیت دے چکے ہیں ان کا ڈیٹا مرتب کرچکے ہیں اور وہ ہم ضرور شئیر کریں گے۔ سندھ حکومت شہید محترمہ بے نظیر بھٹو کے روزگار کی فراہمی کے منشور پر کارفرما ہے۔
![]()