کراچی (رپورٹ: ذیشان حسین) ورلڈ اسکریبل چیمپیئن شپ انگلینڈ کے شہر ٹورکے میں اختتام پذیر ہوگئی۔ دفاعی چیمپیئن نیوزی لینڈ کے نائجل رچرڈز نے آسٹریلیا کے ڈیوڈ ایلڈر کو فائنل میں تین ایک سے زیر کرکے ریکارڈ پانچویں بار ٹائٹل جیت لیا۔ چیمپیئن شپ کے بی ڈویژن میں شروع سے آخر تک پاکستانی کھلاڑی چھائے رہے۔ جونئیر ورلڈ اسکریبل چیمپیئن شپ کے رنر اپ دانیال ثناء اللہ نے پاکستان کا پرچم سربلند کیا۔ دانیال نے بیسٹ آف فائیو گیمز پرمشتمل فائنل میں ہموطن طحہ مرزا کو 3-1 سے شکست دی۔ پاکستان نے مسلسل دوسری بار ورلڈ اسکریبل چیمپیئن شپ کا ڈویژن بی ٹائٹل اپنے نام کیا۔ گزشتہ سال کے فاتح پاکستان کے حماد ہادی خان کو سیمی فائنل میں اپ سیٹ شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ جونئیر ورلڈ اسکریبل اورورلڈ اسکریبل چیمپیئن شپ میں شاندار کارکردگی دکھا کر کئی ٹرافیز اپنے نام کرنے والی شنگریلا پاکستان ٹیم منگل کی صبح کراچی پہنچے گی اور کچھ گھنٹے کراچی میں قیام کے بعد اسی شب ویسپا یوتھ کپ میں شرکت کیلئے ملائیشیا روانہ ہوجائے گی۔ پاکستان اسکریبل ایسوسی ایشن کے ڈائریکٹر یوتھ طارق پرویز کے مطابق پاکستان ویسپا یوتھ کپ کا دفاعی چیمپیئن ہے اور ٹائٹل کے دفاع کیلئے مضبوط ٹیم ملائیشیا بھیجی جارہی ہے۔
![]()