ڈیرہ اسماعیل خان (رپورٹ: گوہر غنچہ) ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر ڈیرہ اسماعیل خان دلاور خان بنگش نے کہا کہ دہشت گردوں کے خلاف پولیس اور سیکورٹی اداروں کی جانب سے مسلسل کامیاب کاروائیوں کے بعد دہشت گرد اب بوکھلاہٹ کا شکار ہوکر بھاگ رہے ہیں اور ان کا زور مکمل طور پر ٹوٹ چکا ہے اب وہ صرف دفاعی پوزیشن اختیار کرتے ہوئے پولیس پر حملہ آور ہو رہے ہیں لیکن ہم آخری دہشت گرد کے خاتمہ تک ان کا پیچھا کریں گے اور انہیں چھپنے کے لئے کوئی ٹھکانہ نہیں ملنے گا ہم انہیں پاتال میں سے بھی ڈھونڈ نکالیں گے۔ وہ گزشتہ روز تحصیل کلاچی کے علاقہ ٹکواڑہ کے قریب پولیس چیک پوسٹ پر دہشت گردوں کے حملہ کے واقعہ کے بعد صحافیوں سے گفتگو کررہے تھے۔ ان کا کہنا تھا کہ ڈیرہ اسماعیل خان سمیت تحصیل پروا ٓ کے علاقہ میں دہشت گردوں کے خلاف مسلسل کامیاب کاروائیوں کے بعد دہشت گردوں کا یہاں سے مکمل طور پر صفایا کردیا گیا لیکن تحصیل کلاچی کے علاقہ میں اب بھی چند مٹھی بھر دہشت گرد موجود ہیں جن کے خلاف پولیس اور سیکورٹی اداروں کی کاروائیاں شدت سے جاری ہیں اور ان میں مزید تیزی آرہی ہے جس کے نتیجے میں وہ اب بوکھلاہٹ کا شکار ہوکر بھاگ رہے ہیں لیکن ہم ان کا پیچھا کریں گے اور آخری دہشت گرد کے خاتمہ تک چین سے نہیں بیٹھیں گے۔
![]()