ڈیرہ اسماعیل خان (رپورٹ: گوہر غنچہ) ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر ڈیرہ اسماعیل خان دلاور خان بنگش کی زیرنگرانی ڈیرہ شہر کے داخلی و خارجی راستوں پر سخت ناکہ بندیاں اورعید میلادالنبیؐ کے جلوس کے راستوں میں حفاظتی انتظامات انتہائی سخت کیے گئے اور جماعت اہلسنت کی جانب سے نوجوانوں کی حفاظتی فورس کو تعینات کیا گیا جنہوں نے جلوس کے شرکاء کی فرداً فرداً تلاشی لی۔ جلوس کے تمام راستوں کو بم ڈسپوزل سکواڈ کے اہلکاروں نے کلئیر کیا جبکہ پولیس نے جلوس کے تمام راستوں کو خار دار تاروں سے بند کررکھا تھا۔ پولیس اور ایلیٹ فورس کے دو ہزار سے زائد اہلکاروں کو اندرونی اور خارجی راستوں دکانوں کی چھتوں اور جلوس کے آگے پیچھے تعینات کیا گیا۔ حفاظتی اقدامات کی نگرانی آر پی او ڈیرہ سید فیروز شاہ، ڈی پی او دلاور خان بنگش، ڈی ایس پی سٹی اور ایس ایچ او کینٹ نے کی۔ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے اور طبی امداد کے لئے فائربریگیڈ کی گاڑی اور ایمبولینسز جلوس کے ہمراہ موجود رہیں۔ جلوس کے تمام راستوں گلیوں اور دکانوں کو انتظامیہ کے حکم پر مکمل بند رکھا گیا اور کسی بھی ناخشگوار واقعہ سے نمٹنے کے لئے ہر قسم کی ٹریفک کو روک لیا گیا۔
![]()