کراچی (رپورٹ: ذیشان حسین) ورلڈ یوتھ چیمپیئن سید عماد علی نے یونیورسل ٹرافی اسکریبل ٹورنامنٹ جیت لیا، ملائیشیا میں ہونے والے ویسپا یوتھ کپ کیلئے پندرہ رکنی پاکستانی ٹیم کا انتخاب۔ تفصیلات کے مطابق کراچی کے جنریشن اسکول میں ہونے والے دو روزہ ٹورنامنٹ میں سید عماد علی نے صہیب ثناء اللہ کی برتری کا خاتمہ کرتے ہوئے دوسرے روز عمدہ کارکردگی دکھائی۔ عماد علی نے اٹھارہ میں سے چودہ میچز جیتے اورسترہ سو دس کے اسپریڈ اسکور کے ساتھ ٹائٹل اپنے نام کرلیا۔ قومی چیمپیئن حشام ہادی خان نے بارہ میچز جیت کر دوسری پوزیشن حاصل کی۔ علی راشد نے دوسرے روز شاندار کم بیک کیا اور اٹھارہ میں سے سات میچز جیت کر تیسرے نمبر پر رہے۔ ڈویژن بی میں اذلان قاضی نے چودہ فتوحات اور چھ سو پینتیس کے اسپریڈ اسکور کے ساتھ پہلی پوزیشن حاصل کی۔ شان عباس بارہ میچز میں کامیابی کے ساتھ رنر اپ رہے۔ ڈویژن اے کے ٹاپ ٹین پلیئرز آئندہ ماہ ملائیشیا میں ہونے والے ویسپا یوتھ کپ کیلئے پاکستان ٹیم میں منتخب ہوگئے جن میں سید عماد علی، حشام ہادی خان، علی راشد، صائم وقار، طحہ مرزا، مونس خان، باسل خان، مصباح الرحمن اورحمزہ نعیم شامل ہیں۔ ڈویژن بی سے ٹاپ پانچ کھلاڑیوں نے ٹیم میں جگہ بنائی ان میں اذلان قاضی، شان عباس، انس فرحان، بلال اشعر اور کامران احمد شامل ہیں۔ مہمان خصوصی فیصل اشرف نے کامیاب کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کئے۔ پاکستان ٹیم ویسپا یوتھ کپ میں ٹائٹل کے دفاع کیلئے نومبر کے آخر میں ملائیشیا روانہ ہوگی۔
![]()