مانسہرہ (رپورٹ: عتیق سلیمانی) انٹرنیشنل اسلامک یونیورسٹی میں بٹگرام سے تعلق رکھنے والے طلباء کی نمائندہ تنظیم بٹگرام سٹوڈنٹس سوسائٹی نے ہزارہ سٹوڈنٹس کونسل سے راہیں جدا کردی۔ اس ضمن میں چیئرمین نظام اللہ اور جنرل سیکرٹری شہاب الدین نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہزارہ سٹوڈنٹس کونسل نفرت اور لسانیات پھیلا رہی ہے۔ ہم چاہتے ہیں کہ ہزارہ سٹوڈنٹس ایک پلیٹ فارم پر متحد ہو لیکن کچھ شر پسند عناصر ہماری ہی پیٹھ میں خنجر گھونپنے کی کوشش کررہے ہیں مگر اب ہم جان گئے ہیں ان کو ان مذموم مقاصد حاصل کرنے میں کامیاب نہیں ہونے دینگے۔انہوں نے کہا کہ بٹگرام سٹوڈنٹس سوسائٹی کے ممبران نے ہزارہ کونسل کے سابق چیئرمین حیدر علی خان کے کہنے پر ہزارہ کونسل میں شامل ہونے پر آمادہ ہوئے تھے مگر کونسل میں موجود ایگزیکٹو ممبران بٹگرام کے طلباء کو برداشت نہیں کر رہے اور لسانیات کے بنیاد پر کونسل کو چلا رہے ہیں جس کی وجہ سے ہزارہ کونسل میں ہمارا ساتھ رہنا مشکل ہے۔ بعد ازاں بٹگرام سٹوڈنٹس سوسائٹی کے وائس چیئرمین وقاص شعیب اور چیف آرگنائزر بابر خان نے کہا کہ ہزارہ ڈویژن میں صرف ہندکو بولنے والے نہیں ہیں۔ وہاں پشتو، گوجری اور کوہستانی زبان بولنے والے بھی ہیں اگر ہزارہ کونسل لسانیات کی بنیاد پر صرف ہندکو کو سپورٹ کررہی ہیں تو پھر کونسل کا نام تبدیل کرکے ہزارہ ہندکو سپیکرز کونسل رکھا جائے۔
![]()