Home / اہم خبریں / انسانی حقوق کونسل کو کشمیری عوام کی حالت زارپر فوری توجہ دینا ہوگی۔ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی

انسانی حقوق کونسل کو کشمیری عوام کی حالت زارپر فوری توجہ دینا ہوگی۔ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی

جنیوا (ویب ڈیسک) اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل سے خطاب کرتے ہوئے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ میرے لئے یہ بھی اعزاز کی بات ہے کہ میں آج انسانی حقوق کونسل سے خطاب کررہا ہوں جو عالمی انسانی حقوق کی محافظ ہے، جو اقوام متحدہ کا تیسرا فعال ستون ہے۔ شاہ محمود قریشی نے کہا یہ وہ گھر ہے جہاں میں بھارت کے زیر قبضہ جموں وکشمیر کے عوام کی استدعا اور مقدمہ لے کر آیا ہوں جن کے بنیادی اور ناقابل تنسیخ انسانی حقوق کو بھارت پاؤں تلے روند رہا ہے اور اسے کوئی پوچھنے والا نہیں۔ وزیر خارجہ نے کہا کہ کئی دہائیوں سے بھارتی جبر و استبداد کا پہلے سے ہی شکار 80 لاکھ سے زائد کشمیریوں کو ایک غیر قانونی آپریشن کے ذریعے گزشتہ چھ ہفتے سے عملا قید کردیا گیا ہےاور اس عرصے میں ظلم و بربریت کی شدت میں کئی گنا اضافہ ہوچکا ہے۔ پہلے سے موجود سات لاکھ فوج کی تعداد بڑھ کر دس لاکھ تک جاپہنچی ہے۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ چھ ہفتوں سے بھارت نے مقبوضہ جموں و کشمیر کو کرہ ارض کے سب سے بڑے قید خانے میں تبدیل کردیا ہے جہاں بنیادی اشیائے ضروریہ اور ذرائع مواصلات تک رسائی ممکن نہیں، دکانوں پر سامان فراہم نہ ہونے سے اشیاء کی قلت ہوچکی ہے۔ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ان حالات و واقعات نے ایک ملک کا اصل کردار بے نقاب کرکے رکھ دیا ہے جو خود کو جمہوریت، وفاقیت اور سکیولرازم کا گڑھ بتانے کا ڈھونگ رچاتا ہے۔ وزیر خارجہ نے کہا اسپتالوں میں جان بچانے والی ادویات کی قلت ہے۔ بھارتی قابض افواج کے بلا امتیاز اور براہ راست بہیمانہ طاقت کے استعمال کی بنا پر بہت سارے زخمی ہونے والے افراد کو ہنگامی طبی امداد تک رسائی میسر نہیں ہے۔ شاہ محمود قریشی نے کہا کشمیریوں کے ہر طبقے سے تعلق رکھنے والی سیاسی قیادت چھ ہفتے سے مسلسل گھروں میں نظربند اور قید ہے، ان کا گلا گھونٹا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایک منظم انداز سے مقبوضہ خطے کے عوام کو ظلم و ستم کا نشانہ بنایا جا رہا ہے اور ان کے بنیادی حقوق کی مسلسل خلاف ورزیاں ہورہی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ دنیا اس پر بول رہی ہے، غیرجانبدار، ممتاز عالمی میڈیا اور غیرجانبدار مبصرین جموں وکشمیر کے عوام پر ہونے والے بہیمانہ ظلم و بربریت کی مسلسل رپورٹنگ کررہے ہیں۔ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے مطالبہ کیا ہے کہ انسانی حقوق کونسل کو کشمیری عوام کی حالت زارپر فوری توجہ دینا ہوگی۔

 

About admin

یہ بھی پڑھیں

قلندرز کی دھماکہ خیز فتح، زلمی کی فتوحات کا سلسلہ تھم گیا

لاہور، (رپورٹ، ذیشان حسین/اسپورٹس رپورٹر) ایچ بی ایل پی ایس ایل کے اہم مقابلے میں …

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے