اسلام آباد (بیورو رپورٹ) وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نےایل او سی پر شہری آبادی کو نشانہ بنانے کی شدید مذمت کی۔ انہوں نے کہا کہ کلسٹرایمونیشن کا استعمال بین الاقوامی قوانین اور جنیوا کنونشن کی خلاف ورزی ہے۔ اقوام متحدہ اور عالمی برادری مسئلہ کشمیر اور ایل او سی پر جاری جارحیت کا نوٹس لے۔ بھارت کلسٹر بم کا استعمال کرکے بہت خطرناک کھیل کھیل رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کے کامیاب دورہ امریکا اور صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے مسئلہ کشمیر پر ثالثی کی پیشکش کے بعد بھارت بوکھلاہٹ کا شکار ہوگیا ہے۔ عالمی طاقتوں کی توجہ اس جانب بھی مبذول کروائی جائے گی، جن واقعات کا ڈر تھا وہ سامنے آرہے ہیں اور ڈر ہے کہ بھارت نیا ناٹک کرکے پاکستان پر انگلیاں اٹھانے کا موقع ڈھونڈ رہا ہے۔ شاہ محمود قریشی نے مزید کہا کہ افغانستان کا مسئلہ حل ہونے کے قریب ہے، تاہم ایسے میں مجھے خدشہ ہے کہ کچھ قوتیں ہیں جو پاکستان کو دوسری جانب مشغول کرنے کی کوشش کریں گی اور یہ نہیں چاہیں گی افغان مسئلہ حل ہو۔
![]()