راولپنڈی (بیورو رپورٹ) راولپنڈی کے علاقے نیوکٹاریاں میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر ریلوے شیخ رشید نے کہا کہ چیئرمین نیب کو اس لیے نشانہ بنایا جارہا ہے کہ وہ ہٹ جائیں۔ چیئرمین نیب اگر ہٹ جاتے ہیں تو پھر کوئی کارروائی کسی کے خلاف کبھی نہیں ہو سکے گی۔ انہوں نے کہا کہ چیخنے والے سب لوگ کرپٹ ہیں۔ سندھ میں ایڈستان بن چکا ہے جہاں کوئی بچوں کا اسپتال نہیں ہے۔ ہم نے ان حالات میں بھی اسپتال بنا دیا۔ آصف زرداری کی بہن کو استعفیٰ دینا چاہیے۔ وزیر ریلوے نے کہا کہ پہلے بھی کہا تھا اور اب بھی کہتا ہوں کہ شہبازشریف نہیں آئے گا۔ نوازشریف نے شہبازشریف کو آؤٹ کردیا ہے۔ آصف زرداری پیسے دے دے گا مگر نواز شریف سے کوئی امید نہیں ہے۔ شیخ رشید نے کہا کہ عید کے بعد سب سے بڑی تقریب نالہ لئی کی ہوگی۔ ایم ایل ون اور نالہ لئی کی کامیابی کے بعد راولپنڈی کے لوگوں کا شکریہ ادا کر کے ریٹائرڈ ہوجاؤں گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ دس ہزار نوکریوں کی قرعہ اندازی عید سے پہلے اور عید کے بعد بھی کریںگے۔
![]()