کراچی (رپورٹ: ذیشان حسین) پاکستان پیپلزپارٹی پارلیمنٹرین کی سیکرٹری اطلاعات ڈاکٹر نفیسہ شاہ نے کہا ہے کہ صحافیوں کے لیے نیوز ایکشن کمیٹی کی خدمات قابل ستائش ہیں ۔صحافیوں کے مسائل کے حوالے سے قومی اسمبلی میں آواز اٹھائی جائے گی ۔میڈیا بحران کے ذمہ دار حکومت اور مالکان دونوں ہیں ۔ان دونوں کے گٹھ جوڑ کی وجہ سے صحافیوں کو شدید مشکلات ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوںنے جمعہ کو نیوز ایکشن کمیٹی کے کنوینر عمیر علی انجم سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ عمیر علی انجم نے ڈاکٹر نفیسہ شاہ کو صحافیوں کی جبری برطرفیوں اور تنخواہوں میں کٹوتی سمیت دیگر مسائل سے آگاہ کیا۔ ڈاکٹر نفیسہ شاہ نے کہا کہ میڈیا کے حوالے اس وقت انتہائی تشویشناک صورت حال ہے لیکن حکومت اس کی بہتری کے لیے کوئی اقدامات نہیں کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ نیوز ایکشن کمیٹی نے جس طرح صحافیوں کے حقوق کے لیے آواز بلند کی ہے اس میں ان کو خراج تحسین پیش کرتی ہوں اور یقین دہانی کراتی ہوں کہ اس پلیٹ فارم سے آئندہ ہونے والے کسی بھی احتجاج میں پیپلز پارٹی بھرپور شرکت کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ قومی اسمبلی اور سینیٹ میں بھی صحافیوں کے مسائل کے حوالے سے بات کی جائے گی۔ میڈیا مالکان اور حکومت کے گٹھ جوڑ کی وجہ سے آج صحافی کسمپرسی کی زندگی گذارنے پر مجبور ہیں۔ انہوں نے عمیر علی انجم سے جبری طور پر برطرف ہونے والے تمام میڈیا ورکرز کی تفصیلات معلوم کیں اور اپنے بھرپور تعاون کا یقین دلایا۔
![]()