اسلام آباد (نوپ نیوز) عمران خان 176 ووٹ لے کر ملک کے 22 ویں وزیراعظم منتخب ہوئے جبکہ اپوزیشن اتحاد کی جانب سے وزیراعظم کے لیے نامزد کردہ امیدوار شہباز شریف نے 96 ووٹ حاصل کیے۔ واضح رہے کہ قومی اسمبلی کے کُل ارکان کی تعداد 342 ہے۔ وزیراعظم کے انتخاب کے لیے قومی اسمبلی کا اجلاس اسپیکراسد قیصر کی زیر صدارت ساڑھے چار بجے تلاوت کلام پاک سےشروع ہوا۔ آغاز میں اسپیکر نے ارکان کو وزیراعظم کے الیکشن کے حوالے سے طریقہ کار سے تفصیلی طور پر آگاہ کیا۔ اسپیکر نے ارکان کو بتایا کہ عمران خان کے حق میں ووٹ ڈالنے والےدائیں جانب لابی جبکہ شہباز سریف کے حق میں ووٹ دینے والے ارکان بائیں جانب لابی میں جائیں۔ اس کے بعد ایوان میں وزیراعظم کے انتخاب کے حوالے سے کارروائی شروع ہوئی۔ ووٹنگ کا عمل مکمل ہونے کے بعد سیکرٹری قومی اسمبلی اور سیکرٹریٹ کے دیگر عملے نے نتائج مرتب کئے جس کے بعد اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے نتائج کا اعلان کرتے ہوئے بتایا کہ پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے 176 ووٹ جبکہ شہباز شریف نے 96 ووٹ حاصل کئے ہیں۔ عمران خان کی کامیابی کا اعلان ہوتے ہی اسمبلی ہال تالیوں اور نعروں سے گونج اٹھا جبکہ قومی اسمبلی کے ارکان نے ڈیسک بجا کر انہیں مبارکباد بھی دی۔ واضح رہے کہ نومنتخب وزیراعظم عمران خان کی حلف برداری کی تقریب کل صبح 9 بجے ایوان صدر میں منعقد کی جائے گی جس میں صدر مملکت ممنون حسین ان سے حلف لیں گے۔
![]()