اسلام آباد (بیورو رپورٹ) پاکستان اور ملائیشیا نے کہا ہے کہ خطے میں امن اور استحکام کو یقینی بنانے اور حل طلب امور کے حل کیلئے مذاکرات واحد راستہ ہیں۔ یہ بات ایک پریس ریلیز میں کہی گئی جو ملائیشیا کے وزیراعظم مہاتیر محمد کے پاکستان کے تین روز ہ سرکاری دورے کے اختتام پر دفتر خارجہ نے جاری کی۔ دونوں ملکوں نے اسلام و فوبیا کی بڑھتی ہوئی لہر اور دنیا بھر میں مسلمانوں کے خلاف انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر شدید تشویش کا اظہار کیا۔ وزیراعظم عمران خان نے وزیراعظم مہاتیر محمد کو مقبوضہ کشمیر میں بڑے پیمانے پر جاری انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے بارے میں آگاہ کیا۔ فریقین نے سفارتی اور سرکاری پاسپورٹ کے حامل افراد کیلئے ویزے کے تقاضوں کے جزوی خاتمے کے معاہدے کی توثیق کے سلسلے میں سرکاری دستاویزات کا تبادلہ کیا۔ دونوں ملکوں نے حال ہی میں اس معاہدے پر دستخط کیے تھے۔
![]()