کراچی (رپورٹ: ذیشان حسین) آئی جی سندھ ڈاکٹر سید کلیم امام کی ذیر صدارت اعلی سطحی اجلاس میں پی ایس ایل سیزن فور کرکٹ میچز کی سیکیورٹی اور ٹریفک کے مجموعی امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا اور مزید ضروری ہدایات دی گئیں۔ آئی جی سندھ نے اجلاس میں شریک اسپیشل برانچ، سی ٹی ڈی اور کراچی کے ایڈیشنل آئی جیز سمیت ڈی آئی جی ہیڈ کوارٹرز سندھ، زونل ڈی آئی جیز اور ڈی آئی جی ٹریفک کراچی کے علاوہ اے آئی جی آپریشنز سندھ کو ہدایات دیں کہ تفویض کردہ فرائض اور ذمہ داریوں کو انتہائی مستعد اور متحرک رہتے ہوئے انجام دیکر اس میگا ایونٹ کو پرامن اور کامیاب بنایا جائے۔ اس موقع پر ڈی آئی جی ایسٹ، ڈی آئی جی ساؤتھ اور ڈی آئی جی ٹریفک نے بالترتیب ائیرپورٹ تا ہوٹل، ہوٹل تا اسٹیڈیم سیکیورٹی سمیت ٹریفک بشمول متبادل روٹس، پارکنگ ایریاز پر مجموعی اقدامات پر تفصیلی بریفنگ دی۔ آئی جی سندھ نے کہا کہ اس میگا ایونٹ میں شرکت کرنیوالے کھلاڑیوں،غیرملکی مندوبین/ مہمانوں/ اسٹاف کو بین الاقوامی معیار کے مطابق سیکیورٹی پروٹوکول کو یقینی بنایا جائے جبکہ ہوٹلز میں انتظامیہ کے تعاون پولیس لائژن ڈیسک کا قیام بھی عمل میں لایا جائے۔ انہوں نےکہا کہ ائیر پورٹ تا ہوٹلز اور ہوٹلز تا اسٹیڈیم جملہ گذرگاہوں، اسٹیڈیم کے اندرونی اور اطراف میں نصب سی سی ٹی وی کیمروں کا جائزہ لیکر کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر سی پی او سے مانیٹرنگ اور دیگر ضروری اقدامات کو عین کنٹی جینسی پلان کے مطابق مؤثراور مربوط بنایا جائے۔ آئی جی سندھ نے مذید کہا کہ ڈیزاسٹر مینجمنٹ سسٹم پر خصوصی فوکس رکھتے ہوئے ناصرف مجموعی امور کو ٹھوس بنایا جائے بلکہ پولیس ریزرو پلاٹونز کو تیار حالت میں رکھنے کے لیئے بھی عملی اقدامات اٹھائے جائیں۔ آئی جی سندھ کا کہنا تھا کہ پی ایس ایل کرکٹ سیزن فور کے مجموعی سیکیورٹی/ ٹریفک اقدامات کو پولیس اپنے تجربے اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کی بدولت نا صرف کامیاب بنائے بلکہ بین الاقوامی سطح پر پاکستان اور کراچی کے عوام کی جانب سے امن اور محبت کے پیغام کو بھی عام کرے۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ پی ایس ایل کرکٹ سیکیورٹی/ٹریفک ودیگر ضروری اقدامات کے تحت ایسٹ کے 7720، ساوتھ کے 2260، ایس ایس یو کے 565، ٹریفک کے 1780 جبکہ اسپیشل برانچ کے 788 سمیت مجموعی طور پر 13112 پولیس افسران اور جوانوں کو ذمہ داریاں تفویض کی گئیں ہیں۔
![]()