ڈیرہ اسماعیل خان (رپورٹ: گوہر غنچہ) آل آڑھتی ایسوسی ایشن وانا کا ایگری پارک نیو سبزی منڈی وانا میں دکانیں الاٹ نہ ہونے کے خلا ف حق نواز پارک میں احتجاجی مظاہرہ ،اسسٹنٹ کمشنر وانا اور ڈپٹی کمشنر جنوبی وزیرستان کے خلاف شدید نعرہ بازی ، اے سی ، ڈی سی پر کرپشن کے سنگین الزامات، گورنر خیبر پختونخوا، وزیر اعلی اور وزیر اعظم سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ۔ حق نواز پارک ڈیرہ میں آل آڑھتی ایسوسی ایشن وانا کی جانب سے زیر قیادت ملک حاجی جلال وزیر اور لعل محمد احتجاجی مظاہرہ کیا گیا جس میں مظاہرین نے ہاتھوں میں کتبے اٹھاکر اسسٹنٹ کمشنر وانا اور ڈپٹی کمشنر جنوبی وزیرستان کے خلاف شدید نعرہ بازی کی۔ اس موقع پر مقررین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ان کا وانا بازار میں 1986 سے سبزی اور فروٹ کا کاروبار ہے کچھ عرصہ قبل پاک آرمی کی جانب سے ایگری پارک میں سبزی منڈی کو منتقل کرنے کے لئے دکانیں تعمیر کی گئیں لیکن سول انتظامیہ میں آپس کی ملی بھگت سے وہ دکانیں رجسٹرڈ آڑھتیوں کے بجائے دیگر کاروباری افراد کو بھاری رقوم کے عوض الاٹ کردیں جبکہ جو اصل حقدار آڑھتی ہیں انہیں محروم رکھا گیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ رجسٹرڈ آڑھتیوں کی تعداد تقریباً 96 کے قریب ہے جبکہ انہیں صرف 27 دکانیں دی جارہی ہیں باقی آڑھتی کہاں جائیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کی انصاف حکومت میں ان کے ساتھ ناانصافی اور زیادتی برتی جارہی ہے۔ کیا قانون صرف عوام کے لئے حکومت کے لئے ہے۔ حکومت کے لئے کوئی قانون نہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اس سلسلے میں وہ گورنر خیبر پختونخوا شاہ فرمان سے بھی ملاقات کر چکے ہیں جنہوں نے انکوائری کے احکامات جاری کیے لیکن ابھی وہ انکوائری مکمل نہیں کی گئی اور سول انتظامیہ میں انتقامی کاروائی کرتے ہوئے پرانی سبزی و فروٹ منڈی وانا بازار میں موجود ہماری دکانوں کو مکمل سیل کردیا جس سے انہیں کروڑوں روپے کا نقصان پہنچا ہے۔ انہوں نے اسسٹنٹ کمشنر وانا اور ڈپٹی کمشنر جنوبی وزیرستان کے خلاف شدید احتجاج کرتے ہوئے کہ ان کی کرپشن کے خلاف فوری تحقیقات کرکے ان کے خلاف کاروائی کی جائے اور وانا بازار میں واقع سبزی و فروٹ منڈی کے تمام رجسٹرڈ آڑھتیوں نئی منڈی ایگری پارک میں دکانیں الاٹ کی جائیں بصورت وہ شدید احتجاج پر مجبور ہوں گے اور طویل جدوجہد کے بعد امن قائم ہونے والے علاقہ میں ایک بار پھر خون خرابہ پیدا ہوجائے گا۔
![]()