محراب پور (رپورٹ: محمد علی ملک) محراب پور کے وارڈ نمبر 16 سے 14سالہ ثمینہ اور 10سالہ عاصمہ مبینہ اغواء ہوگئیں بچیوں کے والد ریٹائرڈ فوجی طالب آرائیں نے پڑوسی پولیس اہلکار اے ایس آئی عمر بوھیو کے بیٹے پر اغواء کا الزام لگا دیا ریٹائرڈ فوجی طالب آرائیں نے اپنی ذوجہ آسیہ بی بی کے ہمراہ پریس کلب محراب پور پہنچ کر احتجاج کرتے ہوئے انصاف کا مطالبہ کیا، اس موقع پر میڈیا نمائندوں سے بات کرتے ہوئے انکا کہنا تھا کہ محراب پور پولیس اپنے پیٹی بھائی کا ساتھ دے رہی ہے کئی بار چکر لگانے کے باوجود ہماری فریاد داخل نہیں کی گئی مجبوراً ہم نے سیشن عدالت سے رجوع کیا ہے جہاں پر معروف وکیل آصف جاوید رندھاوا ایڈووکیٹ کی معرفت بچیوں کی برآمدگی, پروٹیکشن اور مقدمہ کے اندراج کیلئے اپیل دائر کی گئی ہے جس پر نوٹس جاری ہوچکے ہیں۔
متاثرین کا مزید کہنا تھا کہ پولیس اہلکار اے ایس آئی عمر بوھیو کے بیٹے منان بوھیو نے ساتھیوں کی مدد سے 5 جولائی کی صبح میری بچیوں کو اغواء کیا اور گھر سے ڈکیتی کرکے تین تولہ طلعی زیورات اور قربانی کے جانوروں کیلئے رکھی گئی رقم تقریباً تین لاکھ روپے نقدی بھی ساتھ لے گئے ہماری بچیوں کی جان کو خطرہ ہے انہیں فوری بازیاب کروایا جائے انکا مزید کہنا تھا کہ منان بوھیو آوارہ لڑکوں کیساتھ گلی میں بیٹھتا تھا منع کرنے پر تلخ کلامی بھی ہوئی تھی جس پر وہ بار بار مجھے ہراساں کررہا تھا۔ کچھ ماہ قبل مجھ سے موٹرسائیکل بھی چھینی گئی جس میں یہی لڑکا ملوث تھا اب اس نے بدلہ لیتے ہوئے میری بچیوں کو اغواء کرلیا ہے باپ پولیس میں اے ایس آئی ہے اس لئے ہماری کوئی نہیں سن رہا۔ متاثر باپ طالب آرائیں نے ڈی آئی جی شہید بے نظیر آباد عرفان بلوچ سے نوٹس لینے کا مطالبہ کیا جبکہ آرائیں برادری کے قائد سردار عبدالمجید آرائیں سے بھی اپیل کی کہ وہ آرائیں برادری کے پلیٹ فارم سے ساتھ دیتے ہوئے بچیوں کی بازیابی کیلئے مدد کریں دوسری جانب ایس ایچ او مجیب الرحمان ناریجو نے رابطہ کرنے پر معاملے سے لاعلمی کا اظہار کیا جبکہ اے ایس آئی عمر بوھیو کا موقف سامنے نہیں آسکا۔