کراچی (رپورٹ: ذیشان حسین) عدالتی احکامات پر شہر بھر میں تجاوزات کے خلاف ہونے والی کارروائی تسلسل کے ساتھ جاری ہے، جمعہ کو بلدیہ عظمیٰ کراچی کے محکمہ انسداد تجاوزات نے ضلع جنوبی میں ایم اے جناح روڈ پر لائٹ ہاؤس تا ٹاور فٹ پاتھوں پر رکھے گئے سامان کو ضبط کرنے کے علاوہ مزید ان دکانوں کو جنہوں نے دوبارہ اپنی دکانوں کے حصوں کو آگے بڑھا لیا تھا صاف کردیا جبکہ کھوڑی گارڈن میں بھی فٹ پاتھوں پر کھڑے پتھارے ضبط کرلئے گئے، ادھر ضلع غربی کے علاقے بڑا بورڈ / پاک کالونی میں تجاوزات کے خلاف بھرپور کارروائی شروع کی گئی، اس دوران فٹ پاتھوں اور شاہراہوں پر کھڑے کئی پتھارے اور ٹھیلے ہٹا دیئے گئے جبکہ فٹ پاتھوں پر قائم غیرقانونی تجاوزات کو مسمار کردیا گیا، دوسری جانب ضلع وسطی میں نارتھ کراچی، پاور ہاؤس، باڑا مارکیٹ، پانچ ہزار روڈ اور سیکٹر 5-B کے اطراف کارروائی کے دوران فٹ پاتھوں پر رکھے کئی تجاوزات کو مسمار کردیا گیا جبکہ ضلع وسطی ہی میں لیاقت آباد سندھی ہوٹل کے مقام پر تجاوزات کے خلاف کارروائی کے دوران تقریباً 70 غیرقانونی دکانیں مسمار کی گئیں جو فٹ پاتھوں پر آگے بڑھاکر بنائی گئی تھیں، شہر بھر میں جاری انسداد تجاوزات کارروائی کے نگراں اور بلدیہ عظمیٰ کراچی کے میٹروپولٹن کمشنر ڈاکٹر سید سیف الرحمن نے انسداد تجاوزات مہم کے حوالے سے کہا ہے کہ بلدیہ عظمیٰ کراچی کا محکمہ انسداد تجاوزات تسلسل کے ساتھ عدالتی احکامات کو بروئے کار لاتے ہوئے اس پر عملدرآمد کر رہا ہے یہی وجہ ہے کہ اب تک شہر کے مختلف مقامات پر بے شمار تجاوزات کو ہٹا دیا گیا ہے جبکہ بے شمار فٹ پاتھیں ، باغات اور نالوں پر سے تجاوزات کو صاف کیا گیا ہے اور یہ سلسلہ تاحال جاری ہے ، انہوں نے کاروباری حضرات سے کہا کہ وہ اس بات کو یقینی بنائیں کہ فٹ پاتھوں پر کسی بھی طرح کے تجاوزات قائم نہ کئے جائیں اور نہ ہی دکانوں کے حصوں کو اپنی حدود سے آگے بڑھایا جائے ، انہوں نے کہا کہ فٹ پاتھوں پر کئی کاروباری حضرات نے اپنی دکانوں کے اشتہاری اور رہنمائی والے بورڈز آویزاں کر رکھے ہیں جس سے پیدل چلنے والوں کو سخت مشکلات کا سامنا ہوتا ہے لہٰذا ایسے کاروباری حضرات کو چاہئے اگر انہوں نے اپنی دکانوں کے بورڈز فٹ پاتھوں پر نصب کر رکھے ہیں تو وہ انہیں وہاں سے خود ہی ہٹا دیں دوسری صورت میں بلدیہ عظمیٰ کراچی کا محکمہ انسداد تجاوزات کارروائی کے دوران انہیں ہٹا دے گا، واضح رہے کہ شہر کے مختلف حصوں میں ہونے والی تجاوزات کے خلاف کارروائی کو محکمہ انسداد تجاوزات کے سینئر ڈائریکٹر بشیر صدیقی نے اپنی سربراہی میں مکمل کرا رہے ہیں جبکہ ضلع جنوبی میں ہونے والی کارروائی کو ڈپٹی ڈائریکٹر افتخار صدیقی ،ضلع غربی میں ہونے والی کارروائی میں ایڈیشنل ڈائریکٹر معین غوری، ضلع وسطی میں ڈپٹی ڈائریکٹر یونس اور مسرور نے اپنی نگرانی میں محکمہ انسداد تجاوزات ٹیم اور دیگر شہری اداروں کے ذمہ داران کے ہمراہ علاقہ اسسٹنٹ کمشنرز اور پولیس کے تعاون سے کارروائی کو مکمل کرایا۔
![]()