کراچی، (رپورٹ، ذیشان حسین) چودہ برس کے طویل وقفے کے بعد سندھ باسکٹ بال ایسوسی ایشن کے انتخابات کامیابی سے مکمل ہوگئے جن میں تمام عہدیدار بلا مقابلہ منتخب ہوئے انتخابات پاکستان باسکٹ بال فیڈریشن کی نگرانی میں منعقد ہوئے انتخابی اجلاس کی صدارت پاکستان باسکٹ بال فیڈریشن کے سیکرٹری خالد بشیر نے کی جبکہ سندھ اولمپک ایسوسی ایشن کے خازن اصغر بلوچ مبصر کی حیثیت سے شریک ہوئے سندھ کی تمام چھ ڈویژنل باسکٹ بال ایسوسی ایشنوں کے نمائندوں نے اجلاس میں شرکت کی۔
حکومت سندھ کے سابق سیکرٹری علی حسن بروہی کو متفقہ طور پر سندھ باسکٹ بال ایسوسی ایشن کا صدر جبکہ ایڈووکیٹ دلیپ سنگھ کو سیکرٹری منتخب کیا گیا دیگر منتخب عہدیداروں میں یعقوب قادری سینئر نائب صدر، ارشد سعید نائب صدر، راجہ شیراز خزانچی، جبکہ ایگزیکٹو کمیٹی کے اراکین میں ساحر حسین اور شبیر چانڈیو شامل ہیں خواتین ونگ میں عظمیٰ فرحان نائب صدر اور زبانی اسماعیل ایسوسی ایٹ سیکرٹری منتخب ہوئیں۔
اس موقع پر نومنتخب صدر علی حسن بروہی نے کہا کہ ایسوسی ایشن کی اولین ترجیح نوجوانوں خصوصاً لڑکیوں میں باسکٹ بال کے فروغ کو یقینی بنانا ہوگی، جبکہ سندھ کے اندرونی اضلاع میں کھیل کی ترقی پر خصوصی توجہ دی جائے گی۔
نومنتخب سیکرٹری ایڈووکیٹ دلیپ سنگھ نے اعتماد کے اظہار پر تمام نمائندوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ نئی ایگزیکٹو کمیٹی سے مشاورت کے بعد جلد ہی سندھ میں باسکٹ بال کی ترقی اور فروغ کے لیے جامع پروگرام کا اعلان کیا جائے گا نو منتخب عہدیداروں نے پورے صوبے میں باسکٹ بال کے فروغ اور نوجوان ٹیلنٹ کو آگے لانے کے عزم کا اعادہ بھی کیا۔