کراچی، (ویب اسپورٹس) کراچی کنگز نے پاکستان کرکٹ بورڈ کی پیشکش قبول کرتے ہوئے ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ میں آئندہ دس سال کے لیے اپنے فرنچائز رائٹس برقرار رکھے ہیں۔ یہ پیش رفت اس تاریخی سفر کا تسلسل ہے جو 2015 میں اُس وقت شروع ہوا جب ملک میں بین الاقوامی کرکٹ تقریباً معطل تھی، اور جناب سلمان اقبال نے PSL کے پہلے ایڈیشن کے لیے سب سے مہنگے رائٹس خرید کر لیگ کی بنیادوں کو مضبوط بنایا۔ اس فیصلے نے نہ صرف پاکستانی کرکٹ کو نئی زندگی دی بلکہ پی ایس ایل کو عالمی سطح کا برانڈ بنانے میں بھی اہم کردار ادا کیا۔
فرنچائز کے مالک جناب سلمان اقبال اور سی ای او طارق وصی نے تجدیدی معاہدے کو کراچی کنگز کے وژن، اعتماد اور مضبوط عزم کا تسلسل قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ اگلی دہائی پی ایس ایل کے لیے ترقی، وسعت اور نئی کامیابیوں کے مواقع لائے گی، جبکہ کراچی کنگز بہترین اسکواڈ کی تشکیل، فین انگیجمنٹ میں اضافہ اور لیگ کو دنیا کی نمایاں ٹی ٹوئنٹی لیگز میں شامل کرنے کے لیے اپنا کردار جاری رکھے گا۔
کراچی کنگز نے گزشتہ برسوں میں نہ صرف میدان میں نمایاں کارکردگی دکھائی بلکہ اسپانسرشپ، براڈکاسٹ ویلیو اور ٹیلنٹ ڈویلپمنٹ میں بھی نئی مثالیں قائم کیں۔ ’سندھ کے شہزادے‘ اور ’کھلاڑی کی کھوج‘ جیسے پروگراموں نے دور دراز علاقوں سے ٹیلنٹ سامنے لا کر پاکستان کرکٹ کے ایکو سسٹم کو مضبوط کیا، جبکہ شاہنواز دھانی اور فواد علی جیسے کرکٹرز اسی پلیٹ فارم سے ابھر کر قومی سطح تک پہنچے۔ فرنچائز نے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ آنے والے برسوں میں بھی کراچی کا جذبہ، شاندار کارکردگی اور پاکستان کرکٹ کی ترقی اس کے مشن کا مرکزی حصہ رہے گا۔