کراچی، (رپورٹ، ذیشان حسین) ریجنل کرکٹ ایسوسی ایشن کراچی زون دو کے زیراہتمام جاری پروفیسر اعجاز احمد فاروقی ٹی ٹوئنٹی انٹرکلب کرکٹ ٹورنامنٹ میں تین میچوں کا فیصلہ ہو گیا۔ پاک فرمان، الشہزاد اور لاثانی اسپورٹس نے فتوحات سمیٹ لیں، جبکہ دوآب، ینگ کوآپریٹرز اور سنگم اسپورٹس کو شکست کا سامنا کرنا پڑا۔
پہلے میچ میں پاک فرمان کلب نے دوآب کلب کو پانچ وکٹوں سے ہرایا۔ محمد دانش نے 50 اور محمد صابر نے 28 رنز بنائے۔ محمد وقاص نے تین وکٹیں حاصل کیں۔ دوآب کلب کی جانب سے وقاص اقبال نے بھی تین کھلاڑی آؤٹ کیے۔
دوسرے میچ میں الشہزاد کلب نے ینگ کوآپریٹرز کو 87 رنز سے شکست دی۔ علیم خان نے تباہ کن باؤلنگ کرتے ہوئے صرف 15 رنز کے عوض چھ وکٹیں حاصل کیں۔ حبیب جیلانی نے 43 رنز کی اننگز کھیلی۔
تیسرے میچ میں لاثانی اسپورٹس نے سنگم اسپورٹس کو 13 رنز سے ہرا دیا۔ محمد عارف خان نے ناقابل شکست 88 رنز بنائے جبکہ گل زمان تاج اور نیک محمد نے تین تین وکٹیں حاصل کیں۔ سنگم اسپورٹس کی جانب سے ثاقب رئیس نے 52 رنز بنائے۔
تمام میچز گلبرگ جیمخانہ (المنصورہ گراؤنڈ) پر کھیلے گئے، جہاں تجربہ کار ایمپائرز اور آفیشل اسکوررز نے خدمات انجام دیں۔