گھانا، (اسپورٹس ڈیسک) پاکستان کے نامور اسکریبل کھلاڑی وسیم کھتری نے گھانا کے دارالحکومت اکرا میں منعقدہ ورلڈ اسکریبل چیمپئن شپ (WESPAC) میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے کانسی کا تمغہ اپنے نام کر لیا۔ یہ پاکستان کی اس ایونٹ میں تاریخ کا بہترین انفرادی نتیجہ ہے۔
وسیم کھتری نے 32 میں سے 22 میچ جیت کر سیمی فائنل میں جگہ بنانے کے لیے سخت مقابلہ کیا اور ان کی فتوحات کی تعداد فائنلسٹ نائجل رچرڈز کے برابر رہی، تاہم اسپریڈ کم ہونے کے باعث وہ فائنل میں رسائی حاصل نہ کر سکے۔ ان کی اس شاندار پرفارمنس سے عالمی رینکنگ میں نمایاں بہتری متوقع ہے۔
ٹیم ایونٹ میں بھی پاکستانی اسکواڈ نے بہترین کھیل پیش کیا۔ وسیم کھتری، حسان ہادی، اہزم صدیقی، محمد عنایت اللہ اور طارق پرویز پر مشتمل قومی ٹیم مجموعی طور پر چوتھے نمبر پر رہی، جو پاکستان کی ٹیم کا اب تک کا بہترین نتیجہ ہے، حالانکہ ٹیم اپنے چند نمایاں کھلاڑیوں کی عدم موجودگی کے باوجود میدان میں اتری تھی۔
چیمپئن شپ میں پانچ براعظموں سے تعلق رکھنے والے 28 ممالک کے 200 سے زائد کھلاڑیوں نے شرکت کی۔ اعزاز کینیڈا کے ایڈم لیگن کے نام رہا، جنہوں نے نیوزی لینڈ کے نائجل رچرڈز کو 2-4 سے شکست دے کر عالمی ٹائٹل اپنے نام کیا۔