راولپنڈی، (اسپورٹس رپورٹر) پاکستان نے سری لنکا کو چھ وکٹوں سے شکست دے کر سات میچوں پر مشتمل ٹرائنگولر ٹی ٹوئنٹی سیریز اپنے نام کرلی، 115 رنز کا ہدف آٹھ گیندیں پہلے حاصل کیا۔ پاکستان نے سیریز میں چار فتوحات کے ساتھ رواں سال اپنی ٹی ٹوئنٹی کامیابیوں کی تعداد 21 کرلی جو 2006 میں فارمیٹ کے آغاز کے بعد کسی بھی سال میں سب سے زیادہ ہیں۔ سیم ایوب (36) اور صاحبزادہ فرحان (23) نے 46 رنز کا آغاز فراہم کیا جبکہ بابر اعظم نے 37 رنز کی ناقابلِ شکست اننگز کھیل کر ٹیم کو فتح دلائی۔
سری لنکا کی بیٹنگ لائن ابتدائی مضبوط شراکت کے باوجود اچانک بکھر گئی اور پوری ٹیم 98-2 سے 114 رنز پر آل آؤٹ ہو گئی۔ پاکستان کے اسپنرز نے شاندار باؤلنگ کی، محمد نواز نے 17 رنز کے عوض 3، ابرار احمد نے 18 کے بدلے 2 جبکہ سیم ایوب نے ایک وکٹ حاصل کی۔ سری لنکا کے کامل مشارا 47 رنز کے ساتھ نمایاں رہے تاہم مینڈس کے آؤٹ ہوتے ہی بیٹنگ لائن ریت کی دیوار ثابت ہوئی اور چار سے گیارہ نمبر تک کوئی بھی بیٹر دوہرے ہندسے میں داخل نہ ہو سکا۔
پاکستان کی جانب سے فیلڈ میں بھی بہترین کارکردگی سامنے آئی، بابر اعظم نے تین کیچ پکڑ کر ٹی ٹوئنٹی میں سب سے زیادہ کیچز (60) کا نیا ملکی ریکارڈ قائم کیا۔ فاسٹ باؤلرز میں شاہین شاہ آفریدی نے 18 رنز دے کر 3 وکٹیں حاصل کیں جبکہ محمد سلمان مرزا نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔ سیریز کے بہترین کھلاڑی محمد نواز رہے جنہوں نے مجموعی طور پر 102 رنز کے بدلے 10 وکٹیں حاصل کیں۔