کراچی، (رپورٹ، ذیشان حسین) ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی کے تحت "معرکہ حق” اور یوم آزادی کی تقریبات کا آغاز پیر کے روز نمائشی کرکٹ میچ سے ہوا۔ یہ مقابلہ عید گاہ کرکٹ گراؤنڈ ناظم آباد میں منعقد ہوا، جس میں گورنمنٹ اور پرائیویٹ اسکولوں کے طلباء نے شرکت کی۔ یہ تقریبات 11 اگست سے 14 اگست تک جاری رہیں گی۔
افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین بورڈ غلام حسین سوہو نے کہا کہ "معرکہ حق” میں افواجِ پاکستان نے عظیم قربانیاں دی ہیں اور ہمیں ہر میدان میں اس عمل کو مشعلِ راہ بنانا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ یہ پیغام ہمیں سکھاتا ہے کہ باطل قوتوں کا مقابلہ ایمان اور حوصلے سے کیا جا سکتا ہے۔ تقریب میں مہمان خصوصی ممبر صوبائی اسمبلی سندھ عامر صدیقی، ایڈوائزر محتسب اعلیٰ سندھ فصیح الدین خان، چیئرمین سکھر بورڈ ڈاکٹر زاہد چنڑ، اور اسکول ایسوسی ایشنز کے رہنماؤں سمیت بڑی تعداد میں طلباء و طالبات شریک تھے۔
ٹورنامنٹ میں گورنمنٹ بوائز سیکنڈری اسکول ایف سی ایریا، ممتاز گورنمنٹ بوائز سیکنڈری اسکول فردوس کالونی، فاطمیہ بوائز سیکنڈری اسکول نمائش چورنگی اور رینجرز پبلک اسکول ناظم آباد نے حصہ لیا۔ فائنل میں گورنمنٹ بوائز سیکنڈری اسکول ایف سی ایریا نے شاندار کارکردگی دکھاتے ہوئے ممتاز گورنمنٹ بوائز سیکنڈری اسکول فردوس کالونی کو شکست دے کر فاتح ٹیم کا اعزاز حاصل کیا۔
تقسیمِ انعامات کی تقریب میں اعزازی مہمان چیئرمین سکھر بورڈ ڈاکٹر زاہد چنڑ نے ونر اور رنر اپ ٹیموں کے طلباء میں شیلڈز اور میڈلز تقسیم کیے۔ انہوں نے کہا کہ اس قسم کے مقابلے طلباء میں نہ صرف خود اعتمادی پیدا کرتے ہیں بلکہ ان میں قومی جذبہ بھی اجاگر کرتے ہیں۔