کراچی (اسپورٹس رپورٹر) ریجنل کرکٹ ایسوسی ایشن (آر سی اے) زون پانچ کے زیرِ اہتمام لانڈھی جیمخانہ کولٹس کے کھلاڑیوں میں کرکٹ کٹس تقسیم کرنے کی تقریب منعقد ہوئی۔ تقریب کے مہمانِ خصوصی آر سی اے کراچی کے کوآرڈینیٹر محمد اعظم خان تھے، جبکہ صدارت زون 5 کے صدر محمد سمیع خان نے کی۔
محمد اعظم خان نے اپنے خطاب میں کہا کہ کرکٹ نظم و ضبط، صبر اور استقامت کا کھیل ہے، کامیاب کھلاڑی بننے کے لیے محنت اولین شرط ہے۔ چیئرمین آر سی اے کراچی ٹورنامنٹ کمیٹی خالد نفیس نے کہا کہ کراچی میں گراؤنڈز کی کمی کے باوجود ندیم عمر کے وژن کے مطابق کرکٹ سرگرمیاں جاری ہیں۔ سیکریٹری زون پانچ سعید جبار نے کہا کہ وہ ماضی، حال اور مستقبل میں ندیم عمر گروپ کے ساتھ ہیں۔
تقریب میں زونل عہدیداران کی نئی نامزدگیاں بھی کی گئیں جن میں لطیف الرحمن نائب صدر، محمد امتیاز تنولی اور محمد زاہد اسسٹنٹ سیکریٹری، محمد شاہد ہیڈ کوچ، اورنگزیب خان ایڈوکیٹ لیگل ایڈوائزر اور جبران خان ایگزیکٹو ممبر شامل ہیں۔ تقریب میں توصیف صدیقی، مظہر اعوان، ایس ایم عاصم ظہور، محمد ماجد خان، محمد اصغر علی، افتخار احمد، شہباز قریشی اور نصرت اللہ سمیت دیگر معزز شخصیات نے شرکت کی، جبکہ نظامت کے فرائض ہیڈ کوچ محمد شاہد نے انجام دیے۔