Aکراچی، (رپورٹ، ذیشان حسین/اسپورٹس رپورٹر) پاکستان ویمنز ٹیم نے زمبابوے کے خلاف شاندار کارکردگی کا سلسلہ برقرار رکھتے ہوئے دوسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں 67 رنز سے کامیابی حاصل کر کے تین میچوں کی سیریز اپنے نام کرلی۔ نیشنل بینک اسٹیڈیم کراچی میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 4 وکٹوں پر 170 رنز اسکور کیے۔ نوجوان بیٹر ایمن فاطمہ نے ذمہ دارانہ اور جارحانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے ناقابلِ شکست 79 رنز بنائے، جبکہ منیبہ علی نے 36 اور نتالیہ پرویز نے 24 رنز کی اننگز کھیلیں۔ ابتدائی وکٹیں جلد گرنے کے باوجود ایمن فاطمہ نے ٹیم کو سنبھالا اور آخری اوورز میں تیز رفتاری سے رنز بنا کر پاکستان کو مضبوط ہدف دینے میں اہم کردار ادا کیا۔
ہدف کے تعاقب میں زمبابوے کی ٹیم پاکستانی باؤلرز کے سامنے مشکلات کا شکار رہی اور مقررہ اوورز میں 8 وکٹوں پر 103 رنز ہی بناسکی۔ نشرا سندھو نے دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ فاطمہ ثنا، سعدیہ اقبال، طوبیٰ حسن، عائشہ ظفر اور نتالیہ پرویز نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔ زمبابوے کی کپتان چیپیو سِبانڈا 18 رنز کے ساتھ نمایاں رہیں۔ پاکستان ویمنز ٹیم نے اس سے قبل ون ڈے سیریز میں بھی کلین سوئپ کیا تھا اور اب ٹی ٹوئنٹی سیریز میں بھی اپنی برتری ثابت کردی