کراچی، (رپورٹ، ذیشان حسین) اسرائیل کے ایران پر حملوں اور ایران کے سرکاری ٹی وی چینل کی عمارت کو نشانہ بنانے کے خلاف کراچی یونین آف جرنلسٹس دستور کے زیر اہتمام کراچی پریس کلب کے باہر صحافیوں کی بڑی تعداد نے مظاہرہ کیا، اس موقع پر اسرائیلی جارحیت کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسرائیل کے خلاف شدید نعرے بھی لگائے گئے، مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے پی ایف یو جے دستور کے سیکرٹری علاوالدین خانزادہ نے کہا کہ اسرائیل کی دہشتگردی کی تاریخ انتہائی طویل ہے ، اسرائیل نے نہ صرف غزہ میں معصوم بچوں اور خواتین کے ساتھ صحافیوں کو بھی نشانہ بنایا بلکہ ایران میں بھی سچ کی آواز دبانے کی کوشش کی، انہوں نے صحافیوں کی عالمی تنظیم آئی ایف جے سے صورتحال کا فوری نوٹس لینے اور دنیا بھر میں اسرائیل کے ہاتھوں صحافیوں کا قتل عام رکوانے کا مطالبہ کیا، سینئر صحافی اور کے یوجے دستور کے سابق صدر مقصود یوسفی نے کہا کہ اسرائیل کی کھلی دہشتگردی ناقابل برداشت ہے ، عالمی برادری اس صورتحال کا نوٹس لیکر اسرائیل کو اسکے جارحانہ عزائم سے روکے، سینئر صحافی اور تجزیہ کار مظہر عباس نے مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عالمی تنظیمیں اور ادارے اسرائیل کے جارحانہ اور توسیع پسندانہ عزائم کے آگے بند باندھنے میں ناکام نظر آرہے ہیں، اسرائیل کے ہاتھوں غزہ میں صحافیوں کی شہادتوں پر موثر ردعمل دیا جاتا تو یہ سلسلہ طویل ہونے سے روکا جاسکتا تھا لیکن اب یہی صورتحال ایران میں بھی درپیش ہے، مظاہرے سے خطاب کے دوران کے یو جے کے سابق صدر اور سینئر صحافی طارق ابوالحسن نے کہا کہ ااسرائیل نے غزہ میں صحافیوں کو جان بوجھ کر نشانہ بنایا ، جنگ کے دوران صحافی تمام تر حفاظتی اقدامات اختیار کرتے ہیں لیکن اسکے باوجود اسرائیل سچ کا گلا دبانے کیلئے صحافیوں کونشانہ بناتا ہے، انہوں نے کہا کہ ایرانی ٹی وی کو بھی سچ بتانے کی پاداش میں نشانہ بنایا گیا، مظاہرے سے کراچی یونین آف جرنلسٹس دستور کے صدر نصراللہ چودھری، سیکرٹری ریحان چشتی، نائب صدر فاروق سمیع ، پریس کلب کے جوائنٹ سیکرٹری محمد منصف، سابق صدر امتیاز فاران سی آر اے صدر شاہد انجم سیکریٹری ندیم احمداور دیگر نے بھی خطاب کیا، صحافی رہنماوں نے کہا کہ اسرائیل جنگی جنون میں مبتلا ہے۔فلسطین میں جارحیت کے دوران عام لوگوں کے ساتھ میڈیا کو بھی نشانہ بنایا گیا ۔کئی صحافی شہید ہوئے ۔انہوں نے کہا کہ اسرائیل دنیا کے کسی قانون کو نہیں مانتا ۔میڈیا ہاوسز اور صحافیوں پر جان بوجھ کر حملہ آزادی صحافت پر حملہ ہے۔اسرائیل طاقت کے زور پر حق وسچ کی آواز کو دبانا چاہتا ہے ۔اسرائیل کی سوچ ہے کہ میڈیا اس کے ایجنڈے کی حمایت کرے لیکن ہم سلام پیش کرتے ہیں ہر اس میڈیا ہاوسز اور صحافیوں کو جو حق اور مظلوم کی آواز اور حقائق کو سامنے لارہے ہیں۔صحافی رہنمائوں نے مطالبہ کیا کہ اسرائیل فوری میڈیا ہاوسز اور صحافیوں کو نشانہ بنانے کا عمل بند کرے۔اسرائیل میڈیا کے خلاف اپنی جاری جنگ کو روکے ۔انہوں نے کہا کہ میڈیا اسرائیلی حملوں سے خوف زدہ نہیں ہوں گے ۔وہ اسرائیلی حملوں کے باوجود سچ اور حق کو نشر اور شائع کریں گے۔عالمی ادارے میڈیا کے خلاف اسرائیلی جنگ کو روکیں۔صحافیوں نے اسرائیل کی زد میں آنے والے تمام میڈیا ہاوسز سے مکمل یکجہتی کا اظہار کیا اور کہا کہ ہم اپنے صحافیوں کی حمایت جاری رکھیں گے۔
Home / اہم خبریں / اسرائیل سچ کاسب سےبڑا دشمن اور میڈیاپرسن کا قاتل ہے براہ راست نشریات کےدوران ٹی وی چینل کو نشانہ بناناجنگی جرم ہے آئی ایف جے اسرائیل کے ہاتھوں صحافیوں کا قتل عام روکے،کراچی یونین آف جرنلسٹس (دستور) کے زیر اہتمام کراچی پریس کلب پر مظاہرہ