کراچی، (رپورٹ، ذیشان حسین/اسپورٹس رپورٹر) کراچی میں جاری آئی ایم سی اوور فورٹی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے لیگ مرحلے کے اختتام پر فائنل فور مکمل ہوگئی، جہاں پاکستان اور ساؤتھ افریقہ نے گروپ اے جبکہ آسٹریلیا اور امریکہ نے گروپ بی سے سیمی فائنل میں جگہ بنالی۔ سیمی فائنلز ہفتہ کو نیشنل بینک اسٹیڈیم میں کھیلے جائیں گے، پہلے سیمی فائنل میں آسٹریلیا اور ساؤتھ افریقہ جبکہ دوسرے میں پاکستان اور امریکہ آمنے سامنے ہوں گے۔
قومی ٹیم نے اپنے آخری لیگ میچ میں کینیڈا کو 85 رنز سے شکست دے کر شاندار انداز میں فائنل فور میں جگہ پکی کی۔ پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 202 رنز اسکور کیے۔ اس میچ میں کپتان عبدالرزاق کے آرام کے باعث قیادت فواد عالم نے سنبھالی، جنہوں نے 66 رنز کی عمدہ اننگز کھیل کر مسلسل چوتھی نصف سنچری اسکور کی۔ طارق محمود نے 44 رنز بنائے، جبکہ کینیڈا کی ٹیم 117 رنز پر آؤٹ ہوئی۔ محمد سلیمان نے 3 اور ذوالفقار بابر و حسن نثار نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں۔
دیگر لیگ میچز میں آسٹریلیا نے زمبابوے کو 9 وکٹوں سے شکست دے کر سیمی فائنل کا ٹکٹ حاصل کیا۔ زمبابوے کے 145 رنز کے جواب میں آسٹریلیا نے ایک وکٹ کے نقصان پر آسانی سے ہدف پورا کرلیا، جیف ہینمگ 85 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔ این بی پی اسپورٹس کمپلیکس میں امریکہ نے ریسٹ آف دی ورلڈ کو پانچ وکٹوں سے ہرایا جبکہ ہانگ کانگ نے ویسٹ انڈیز کے 198 رنز کا ہدف مونر ڈر کی شاندار سنچری کی بدولت حاصل کیا۔
معین خان اکیڈمی میں ریسٹ آف دی گلف نے سری لنکا کو 101 رنز سے شکست دی جبکہ آخری لیگ میچ میں ساؤتھ افریقہ نے متحدہ عرب امارات کو 17 رنز سے ہرا کر سیمی فائنلز میں اپنی جگہ مکمل کی۔ ساؤتھ افریقہ کی جانب سے رین ہارڈ اور محمد سہیل نمایاں رہے جبکہ پیٹ بوتھا نے تین وکٹیں حاصل کیں۔