کراچی، (رپورٹ، ذیشان حسین) پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کی فرنچائز ملتان سلطانز سے متعلق ایک اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، جہاں پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے فرنچائز کو فروخت کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ دو پی ایس ایل ٹیموں کی کامیاب نیلامی اور ریکارڈ بولیوں کے بعد پی سی بی نے ملتان سلطانز کی فروخت کے آپشن پر عملی کام شروع کر دیا ہے۔
ذرائع کے مطابق اس وقت فرنچائز کی فروخت کے لیے تمام قانونی اور انتظامی تقاضے مکمل کیے جا رہے ہیں، جبکہ پی سی بی کو اس عمل سے بھاری مالی فائدہ حاصل ہونے کی توقع ہے۔ واضح رہے کہ اس سے قبل پی سی بی نے اعلان کیا تھا کہ موجودہ سیزن میں ملتان سلطانز کو ایک سال کے لیے خود ہی چلایا جائے گا، تاہم دو فرنچائز کمپنیوں کی جانب سے سنجیدہ دلچسپی کے بعد حکمتِ عملی میں تبدیلی کی گئی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ملتان سلطانز کی نیلامی بھی اوپن بولی کے ذریعے کی جائے گی، جس کے لیے باقاعدہ تشہیری مہم چلائی جائے گی اور شفاف طریقۂ کار اپنایا جائے گا، تاکہ سرمایہ کاروں کو یکساں مواقع فراہم کیے جا سکیں۔