کراچی، (رپورٹ، ذیشان حسین) سندھ حکومت نے خواتین کو بااختیار بنانے اور انہیں محفوظ و باوقار سفری سہولت فراہم کرنے کے لیے ورکرز ویلفیئر بورڈ کے تحت 10 ہزار مفت الیکٹرک موٹر سائیکلوں کے منصوبے کا آغاز کردیا ہے۔
وزیر محنت سندھ شاہد تھہیم کے مطابق درخواستوں کی رجسٹریشن کا عمل شروع ہو چکا ہے، خواتین اپنی درخواستیں ورکرز ویلفیئر بورڈ کی آفیشل ویب سائٹ پر جمع کرا سکتی ہیں جبکہ ریکارڈ بھی آن لائن چیک کیا جا سکے گا۔
انہوں نے کہا کہ قرعہ اندازی مکمل طور پر ڈیجیٹل نظام کے تحت ہوگی جس میں انسانی مداخلت نہیں ہوگی۔ اسکیم کے تحت 20 سے 45 سال کی خواتین صنعتی مزدور درخواست دینے کی اہل ہیں جبکہ 20 فیصد کوٹہ اقلیتی برادری کے لیے مختص ہے۔
وزیر محنت نے بتایا کہ موٹر سائیکل سات سال کے لیے لازمی رکھنی ہوگی اور ڈرائیونگ لائسنس کے حصول کے لیے 60 دن کی مہلت دی جائے گی۔
شاہد تھہیم نے کہا کہ "خواتین کی ترقی، ملک کی ترقی ہے”، یہی سوچ اس منصوبے کی بنیاد ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ یہ اقدام نہ صرف خواتین کو آسان سفری سہولت دے گا بلکہ روزمرہ اخراجات میں کمی اور ماحول دوست ٹیکنالوجی کو بھی فروغ دے گا۔
انہوں نے واضح کیا کہ اقلیتوں کا 20 فیصد کوٹہ پاکستان کے پرچم کے سفید حصے کی علامت ہے جو ان کے مساوی حقوق اور قربانیوں کا اعتراف ہے۔
یہ منصوبہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی وژنری قیادت کی ایک روشن مثال قرار دیا جا رہا ہے۔
مزید معلومات اور رجسٹریشن کے لیے ویب سائٹ ملاحظہ کریں:
www.wwbsindh.gov.pk/emotorcycle